مبسملا و حامدا و مصليا و مسلما۔
الحمدللہ ہم مسلمان ہیں ، اور ایک کامل مسلمان کی شان یہ ہے کہ وہ اپنی خواہشات کا نہیں احکام الٰہیہ کا پابند ہوتا ہے ، اپنی خواہشات کا نہیں بلکہ دین اسلام کے اصول و قوانین کا پابند ہوتا ہے ، ہر حال میں اپنے رب کی رضا پر راضی رہتا ہے ، وہ اولاد کو اللہ پاک کی عظیم نعمت سمجھتا ہے ، اسے معلوم ہوتا ہے کہ بیٹے اللہ کی نعمت ہیں تو بیٹیاں اللہ کی رحمت ، خدائے وحدہ لاشریک جسے چاہے بیٹے عطا فرمائے اور جسے چاہے بیٹیوں جیسی رحمت سے نوازے اور جسے چاہے بے اولاد رکھے ، اس کے ہر کام میں بے شمار حکمتیں ہوتی ہیں، ہمیں ہر حال میں اس کی اطاعت و فرمانبرداری کرنی چاہیئے ۔
اسلام نے بیٹی کو بڑی عظمت بخشی ہے ، اس کا وقار بلند کیا ہے ، اسے کئی شانیں دی ہیں ، بیٹی اللہ کی رحمت باپ کی آنکھوں کی ٹھنڈک گھر کی رونق ماں کا سکون ، بھائیوں کی لاڈلی ننھيال اور ددھیال کی شہزادی ، اپنے کفالت کرنے والوں کو جہنم کی آگ سے بچانے والی ، انہیں جنت دلانے والی ، فرشتوں کی طرف سے سلامتی کی دعائیں پانے کا ذریعہ ، قیامت تک کے لئے اللہ تعالیٰ کی مدد حاصل کرنے کا سبب ، جس کی خوشنودی بروز قیامت والدین کو محشر کی ہولناکیوں سے بچا کر خوشیاں دلائے گی ، بیٹی پر خرچ کرنا صدقہ کرنے کی طرح ہے ، اور اس پر شفقت کرنے والا خوف خدا سے رونے کی مثل ہے ۔
دورِ جاہلیت کے عرب عورتوں کی قدر و منزلت کے ذرہ برابر بھی قائل نہ تھے، وہ ہر قسم کے انفرادی و اجتماعی حقوق سے محروم تھیں۔ اس عہدِ جاہلیت کے نظام میں عورت صرف ورثے ہی سے محروم نہیں رکھی جاتی تھی، بلکہ اس کا شمار اپنے باپ، شوہر یا بیٹے کی جائیداد میں ہوتا تھا۔ چنانچہ مال و جائیداد کی طرح اسے بھی ورثے اور ترکے میں تقسیم کر دیا جاتا تھا۔
عرب قحط سالی کے خوف یا اس خیال سے کہ لڑکیوں کا وجود ان کی ذات کے لیے باعث ننگ و عار ہے، انہیں پیدا ہوتے ہی زمین میں گاڑ دیتے تھے۔
اپنی معصوم لڑکیوں سے انہوں نے جو ناشائستہ و ناروا سلوک اختیار کر رکھا تھا اس کی مذمت کرتے ہوئے قرآن مجید فرماتا ہے: ﴿ وَ إِذَا بُشِّرَ أَحَدُهُمۡ بِالۡأُنۡثَی ظَلَّ وَجْهُهُ مُسۡوَدًّا وَهُوَ کَظِیۡمٌ {٥٨} یَتَوَارَی مِنَ الۡقَوۡمِ مِنۡ سُوۡءِ مَا بُشِّرَ بِهِ أیُمۡسِکُهُ عَلَی هُوۡنٍ اَمۡ یَدُسُّهُ فِي التُّرَابِِ أَلَا سَاءَ مَا یَحۡکُمُوۡنَ ﴾۔
ترجمہ : اور جب ان میں کسی کو بیٹی ہونے کی خوشخبری دی جاتی ہے تو دن بھر اس کا منہ کالا رہتا ہے اور وہ غصہ کھاتا ہے ، لوگوں سے چھپا پھرتا ہے اس بشارت کی برائی کے سبب، کیا اسے ذلت کے ساتھ رکھے گا یا اسے مٹی میں دبا دے گا، ارے بہت ہی برا حکم لگاتے ہیں۔ ( کنز الایمان )
دوسری آیت میں بھی کلام اللہ انہیں اس ناشائستہ فعل اور انسانیت سوز حرکت کے بدلے خداوند تعالیٰ کی بارگاہ میں جواب دہ قرار دیتا ہے ، چنانچہ ارشاد ہے:
﴿ إِذَا الْمَوْءُودَةُ سُئِلَتْ {٨} بِأَيِّ ذَنبٍ قُتِلَتْ ﴾
ترجمہ: اور جب زندہ دبائی ہوئی سے پوچھا جائے کس خطا پر ماری گئی ۔
سب سے زیادہ افسوسناک بات یہ تھی کہ ان کے درمیان شادی بیاہ کی ایسی رسومات رائج تھیں کہ جن کی کوئی محکم اصل و بنیاد نہ تھی۔
وہ اپنی زوجہ کے لیے کسی معین حد کے قائل نہ تھے۔
مہر کی رقم ادا کرنے کی ذمہ داری سے سبکدوش ہونے کے لیے وہ انہیں آزاد کر دیتے۔ کبھی وہ اپنی زوجہ پر بے عصمت ہونے کا الزام لگاتے تاکہ یہ بہانہ بنا کر مہر کی رقم ادا کرنے سے بچ جائیں۔ ان کا باپ اگر کسی بیوی کو طلاق دے دیتا، یا خود مر جاتا تو اس کی بیویوں سے شادی کرلینا ان کے لیے عار نہ تھا۔
جاہلیت کے دور میں بعض عربوں کا عورت کے متعلق نقطہ نظر یہ تھا کہ عورت انسانی نہیں بلکہ شیطانی مخلوق ہے ، اور اسے حقیر سمجھتے اور کہتے تھے کہ عورت کو صرف مرد کی خدمت کے لئے پیدا کیا گیا ہے ، اور اس کو بولنے اور گھر سے باہر نکلنے تک کی اجازت نہ تھی ، اور ان کا یہ ماننا تھا کہ وہ مرنے کے بعد جنت میں بھی داخل نہیں ہوگی کیوں کے وہ مذہبی عبادت گاہوں میں شرکت نہیں کر سکتی تھی ، حاصل یہ کہ عورت کی قدر و قیمت اُن کی نظر میں جانوروں سے بھی زیادہ بدتر تھی ،
ان تمام مظالم کے مقابلے میں نبی کریم ﷺ نے بیٹیوں کی پیدائش پر خوشی منانے کی تلقین کی ،
حدیث نبوی ہے : جس کے یہاں بیٹی پیدا ہو اور وہ نہ تو اسے کوئی تکلیف پہنچائے ، نہ ہی اسے برا جانے اور نہ بیٹے کو بیٹی پر فضیلت دے تو اللہ کریم اس کو جنّت میں داخل فرمائے گا ۔
( مستدرک ، 5/248 ، حدیث 7428)
اور حضور اکرم ﷺ نے فرمایا :
" جس شخص پر بیٹیوں کا بوجھ آ پڑے اور وہ ان کے ساتھ اچھا برتاؤ کرتے تو یہ بیٹیاں اس کے لئے جہنم سے رکاوٹ بن جائیں گی
( مسلم ، ص 1414 ، حدیث: 2629)
ایک دوسری جگہ ہمارے پیارے نبی ﷺ نے ارشاد فرمایا : جب کسی کے ہاں لڑکی پیدا ہوتی ہے تو اللہ پاک فرشتوں کو بھیجتا ہے جو آ کر کہتے ہیں : " السلام علیکم یا اھل البیت یعنی اے گھر والوں تم پر سلامتی ہو ۔" پھر فرشتے اس بچی کو اپنے پروں کے سائے میں لے لیتے ہیں اور اس کے سر پر ہاتھ پھیرتے ہوئے کہتے ہیں کہ یہ ایک کمزور جان ہے جو ایک کمزور سے پیدا ہوئی ہے ، جو شخص اس کمزور جان کی پرورش کی ذمےداری لے گا، قیامت تک اللہ کریم کی مدد اس کے شاملِ حال رہے گی۔
(مجمع الزوائد، 8 /285 ، حدیث : 13485)
آپ ﷺ نے بیٹیوں کو اللہ کی رحمت قرار دیا اور ان کی پرورش اور دیکھ بھال کرنے والوں کے لیے جنّت کی بشارت دی ، اسلام میں بیٹیوں کی تعلیم و تربیت کو انتہائی اہمیت دی گئی ہے ، نبی کریم ﷺ نے فرمایا : جس شخص نے دو یا تین بیٹیوں کی پرورش کی ، اور اُن کو تعلیم دی اور ان کے ساتھ حسن سلوک کیا ، و شخص جنّت میں داخل ہوگا ، اس حدیث سے واضح ہوتا ہے کہ بیٹیوں کی پرورش اور تعلیم و تربیت والدین کی ذمےداری ہے ، اور اس میں غفلت برتنے کی کی سخت مذمت کی گئی ہے ، اسلام نے والدین کو یہ حکم دیا ہے کہ وہ اپنی بیٹیوں کو دینی اور دنیاوی دونوں طرح کی تعلیم دیں تاکہ وہ ایک بہتر انسان بن سکیں ، اور اولاد کی تربیت کا جو طریقہ ہمارے آقا ﷺ نے ہمیں سکھایا ہے ہمیں چاہیے کہ ہم اس کو فالو کریں۔ حدیث شریف میں آتا ہے نبی کریم ﷺ کو اپنی اولاد کی تربیت کا اتنا خیال تھا کہ ایک دفعہ تہجد کے وقت حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم اور حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا کو سوتے ہوئے پایا تو جگا کر تنبیہہ کرتے ہوئے فرمایا تم لوگ تہجد کی نماز نہیں پڑھتے ہو۔ حضرت علی نے نیند کے غالب آنے کا عذر کیا تو حضور ﷺ تعجب کرتے ہوئے واپس تشریف لائے اور سورت کہف کی وہ آیت پڑھی جس کا مطلب ہے انسان بہت بحث کرنے والا ہے۔
حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ اول تو یہ معلوم ہوتا ہے کہ آپ ﷺ کو دین داری کا کس قدر خیال تھا کہ رات کے وقت پھر کر اپنے قریبیوں کا خیال رکھتے تھے۔
اور یہ کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم ہر ایک بات کو سمجھانے کے لیے تحمل سے کام لیا کرتے تھے اور محبت و پیار سے کسی کو اس کو غلطی پر آگاہ فرماتے تھے ۔
اس لیے آپ ﷺ نے صرف یہ کہہ دیا کہ انسان بات مانتا نہیں جھگڑتا ہے۔ یعنی تم کے آئندہ کے لیے کوشش کرنی چاہیے تھی کہ وقت ضائع نہ ہو ۔ چنانچہ حضرت علی کرم اللہ وجہہ فرماتے ہیں۔ میں نے پھر کبھی تہجد میں ناغہ نہیں کیا۔
اور اسی طرح بیٹیوں کے ساتھ حسن سلوک کرنے کا جو طریقہ ہمیں حضور کی سیرت سے ملتا ہے اسی طرح ہمیں بیٹیوں کے ساتھ حسن سلوک کرنا چاہیے۔
ہمیں پیارے نبی ﷺ کی سیرت میں اپنی تمام شہزادیوں کے ساتھ آپ کے محبت بھرے حسن سلوک کی بہت سی مثالیں ملتی ہیں۔
حضرت زینب رضی اللہ عنہا سے حسن سلوک۔
حضرت زینب رضی اللہ تعالی عنہا یہ آپ کی سب سے بڑی صاحبزادی تھی جن سے آپ حد درجہ محبت فرماتے تھے۔ یہ ابتداء اسلام میں ہی مسلمان ہو گئی تھی ، اور آپ کی شادی اعلان نبوت سے قبل حضرت خدیجہ رضي الله عنها کی تجویز پر اُن کے بھانجے ابو العاص بن ربیع سے ہو گئی تھی ، ابو العاص جو کہ ابتداً کفر و شرک پر اڑے رہے لیکن جب آپ کو جنگ بدر سے گرفتار کر کے مدینہ لایا گیا اس بعد حضرت زینب نے حضرت خدیجہ کی طرف سے اپنی شادی پر تحفے میں ملنے والا ہار اپنے شوہر ابو العاص بن ربیع کے فدیہ کے طور پر بھجوایا ، جیسے دیکھ کر آقا ﷺ کا دل بھر آیا ، اور آپ ﷺ کی خواہش پر ابو العاص کو فدیہ لیے بغیر قید سے آزاد کر دیا گیا۔ اس معاہدے کے ساتھ کہ وہ حضرت زینب کو جو مسلمان تھیں مدینہ ہجرت کرنے کی اجازت دے دیں گے
(ابوداؤد کتاب الجہاد باب فی فداء الاسیر بالمال)
حضور اکرم ﷺ کی شفقت اور حکمت کا یہ نتیجہ تھا کہ ابوالعاص نے یہ وعدہ خوب نبھایا اور مکہ جاکر حضرت زینب کو مدینہ جانے کی اجازت دے دی ، حضرت زینب حکم پر عمل کرتے ہوئے مکہ مکرمہ سے ہجرت فرما کر مدینہ منورہ تشریف لے آئیں لیکن آپ کو ہجرت کے سفر میں دردناک پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا اسی لیے حضور ﷺ نے آپ کے فضائل میں یہ ارشاد فرمایا کہ " هى أفضل بناتي أصيبت فيّ " یعنی میری بیٹیوں میں وہ سب سے زیادہ فضیلت والی ہیں اس اعتبار سے کہ انہوں نے میری جانب ہجرت کرنے میں سب سے زیادہ مصیبت اٹھائی ۔
نبی کریم ﷺ اپنی بیٹی کے ساتھ اپنے داماد ابو العاص کے حسن سلوک کی تعریف فرماتے تھے کہ اس نے وعدہ کے مطابق حضور کی بیٹی کو مدینے بھجوادیا
(بُخاری کتاب النکاح باب شروط النکاح )
اس کے بعد ابو العاص محرم ٧ ھ میں مسلمان ہو کر مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ ہجرت کرکے تشریف لے آئے اور حضرت زینب کے ساتھ رہنے لگے ، ۸ھ میں حضرت زینب رضی اللہ عنہا کی وفات ہوگئی ، حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کے کفن کے لیے اپنا تہبند شریف عطا فرمایا اور اپنے دست مبارک سے غمزدہ حالت میں اُن کو قبر میں اتارا ۔
جب حضور ﷺ قبر سے باہر نکلے تو غم کا بوجھ کچھ ہلکا تھا۔ فرمایا : میں نے زینب کی کمزوری کو یاد کر کے اللہ سے دعا کی کہ اے اللہ ! اس کی قبر کی تنگی اور غم کو ہلکا کر دے ، تو اللہ نے میری دعا قبول کر لی اور اس کے لیے آسانی پیدا کر دی۔
حضرت رقیہ رضی اللہ عنہا سے حسن سلوک۔
پیارے آقا ﷺ کی دوسری صاحبزادی حضرت رقیہ رضی اللہ عنہا کا نکاح نبی کریم ﷺ نے اپنے بہت عزیز صحابی حضرت عثمان بن عفان رضی اللہ عنہ سے فرمایا اور نصیحت فرمائی کہ عثمان کا خاص خیال رکھنا ، وہ اپنے اخلاق میں دیگر اصحاب کی نسبت زیادہ میرے مشابہ ہیں ، ( مجمع الزوائد و منبع الفوائد الجزء التاسع صفحہ 58، کتاب المناقب باب ماجاء في خلقہ حدیث نمبر 14500)
غزوهٔ بدر کے موقع پر حضرت رقیہ بیمار ہو گئیں اور نبی کریم ﷺ نے حضرت عثمان کو اپنی اہلیہ کی تیمار داری کے لیے مدینہ رہنے کی ہدایت فرمائی اور بدر میں فتح کے بعد مال غنیمت سے اُن کا بھی حصہ نکالا ۔
( بُخاری كتاب المغازي باب تسميۃ من سمى اهل البدر)
حضرت رقیہ رضی اللہ عنہا نے حضرت عثمان رضی اللہ عنہ کے ساتھ حبشہ ہجرت کی ، جب کچھ عرصہ ان کی کوئی خبر نہ آئی تو رسول اللہ ﷺ نے حبشہ سے آنے والے لوگوں سے فکر مندی کے ساتھ اپنی صاحبزادی اور داماد کا حال دریافت فرماتے۔ ایک قریشی عورت نے آ کر بتایا کہ اس نے حضرت عثمان کے ساتھ حضرت رقیہ کو خچر پر سوار جاتے دیکھا تھا ، رسول اللہ ﷺ نے دعا کی اللہ دونوں کا حامی و ناصر ہو ۔
(البدایہ والنہایہ لابن کثیر جلد 3 صفحہ 66 مکتبہ المعارف بیروت )
حضرت رقیہ کی وفات 2ھ میں ہوئی ، حضور صلی اللہ علیہ وسلم کو اُن کی وفات کا بہت صدمہ تھا ، حضرت انس کہتے ہیں کہ حضرت رقیہ کے جنازے میں رسول کریم ﷺ ان کی قبر کے پاس بیٹھے آنسو بہا رہے تھے ۔
( بُخاری کتاب الجنائز باب قول النبی بعد المیت بكاء اهلہ)
رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم اپنی صاحبزادی فاطمہ رضی اللہ عنہا کو لیکر حضرت رقیہ رضی اللہ عنہا کی قبر پر آئے تو فاطمہ رضی اللہ عنہا قبر کے پاس رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پہلو میں بیٹھ کر رونے لگیں، رسول اللہ ﷺ نے دلاسہ دیتے ہوئے اپنے دامن سے اُن کے آنسو پونچھتے جاتے تھے ۔
( سين الكبرى للبيهقي كتاب الجنائز باب سياق أخبار على جواز البكاء بعد الموت)
حضرت ام کلثوم رضی اللہ عنہا سے محبت و شفقت۔
حضرت رقیہ کی وفات کے بعد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی بیٹی ام کلثوم رضی اللہ عنہا بھی حضرت عثمان رضی اللہ عنہ سے بیاہ دی۔
اس موقع پر آپ ﷺ نے اپنی خادمہ ام ایمن سے فرمایا کہ میری بیٹی کو تیار کرو اور اسے دلہن بنا کر عثمان کے پاس لے جاؤ اور اس کے آگے دف بجاتی جانا ، چنانچہ اس نے ایسا ہی کیا ، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم تیسرے دن ام کلثوم رضی اللہ عنہا کے پاس آئے اور استفسار فرمایا کہ آپ نے اپنے شوہر کو کیسا پایا ؟ عرض کیا بہترین شوہر ۔ نبی کریم ﷺ نے فرمایا ! امر واقعہ یہ ہے کہ تمہارے شوہر لوگوں میں سب سے زیادہ تمہارے جد امجد ابراہیم علیہ السلام اور تمہارے باپ محمد ﷺ سے مماثلت رکھتے ہیں ۔
حضرت ام کلثوم رضی اللہ عنہ 9ھ میں فوت ہوئیں ۔ حضور ﷺ نے ان کا جنازہ خود پڑھایا اور قبر کے کنارے تشریف فارما ہو کر اپنی موجودگی میں تدفین کارروائی ۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی صاحبزادی ام کلثوم رضی اللہ عنہا کی وفات پر تجہیز و تکفین کا انتظام اپنی نگرانی میں کروایا ۔ حضرت لیلیٰ الثقفیہ روایت کرتی ہیں کہ میں اُن عورتوں میں شامل تھی جنہوں نے حضرت ام کلثوم رضی اللہ عنہا کو اُن کی وفات پر غسل دیا۔ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے تہبند کے لیے کپڑا دیا پھر قمیص ، اوڑھنی اور اوپر کا کپڑا ۔ اس کے بعد اُن کو ایک اور کپڑے میں لپیٹ دیا گیا۔ وہ بتاتی ہیں تھی کہ غسل کے وقت رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم دروازے کے پاس کھڑے تھے۔ حضور کے پاس سارے کپڑے تھے اور آپ ﷺ باری باری ہمیں پکڑا رہے تھے ۔
حضرت ابو امامہ بیان کرتے ہیں کہ جب رسول کریم ﷺ کی بیٹی ام کلثوم رضی اللہ عنہا قبر میں رکھی گئی تو رسول خدا نے یہ آیت تلاوت کی ۔
﴿ "منها خلقناكم وفيها نعيدكم ومنها نخرجكم تاره اخرى" ﴾
یعنی اس سے ہی ہم نے تم کو پیدا کیا اور اس میں تمہیں دوبارہ لوٹائیں گے اور اسی سے تمہیں دوسری دفعہ نکلیں گے۔
حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا سے محبت و شفقت ۔
نبی کریم ﷺ اپنی صاحبزادی فاطمۃ الزھراء سے بھی شفقت کا سلوک فرماتے تھے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت بھری تربیت کا اثر تھا کہ حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا میں بھی وہی رنگ جلکتا نظر آتا تھا۔
حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا بیان کرتی ہیں کہ " میں نے چال ڈھال ، طور طریقہ اور گفتگو میں حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا سے بڑھ کر حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے مشابہ کوئی نہیں دیکھا۔
حضرت فاطمہ جب حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوتی تھیں تو حضور ﷺ کھڑے ہو جاتے تھے۔
محبت سے اُن کا ہاتھ تھام لیتے تھے اور اسے بوسہ دیتے اور اپنے ساتھ بٹھاتے اور جب حضور صلی اللہ علیہ وسلم حضرت فاطمہ کے ہاں تشریف لے جاتے تو وہ بھی احترام میں کھڑی ہو جاتیں۔
آپ ﷺ کا ہاتھ تھام کر اُسے بوسہ دیتیں اور اپنے ساتھ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کو بٹھاتیں
(ابو داؤد کتاب الادب باب ماجاء فی القیام )
آپ ﷺ مدینہ سے رخصت ہوتے وقت سب سے آخر میں اپنی لخت جگر حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا سے مل کر جاتے اور واپسی پر مسجد نبوی میں دو رکعت نماز ادا کرنے کے بعد سب سے پہلے حضرت فاطمہ سے ہی آکر ملتے۔
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے تھے کہ فاطمہ رضی اللہ عنہا میرے بدن کا ٹکڑا ہے۔ جس نے اسے ناراض کیا اس نے مجھے ناراض کیا۔
آپ ﷺ کی نیک تربیت کا اثر تھا کہ آپ کی بیٹیاں بغیر کہے بات سمجھ جاتی تھیں ۔ مثلاََ ایک مرتبہ حضور ﷺ حضرت فاطمہ زہرا کے گھر تشریف لے گئے ۔ دیکھا کہ دروازے پر ایک رنگین پردہ لٹکا ہوا ہے اور حضرت فاطمہ کے ہاتھ میں چاندی کے دو کنگن ہیں آپ صلی اللہ علیہ وسلم یہ دیکھ کر واپس لوٹ گئے۔ حضرت فاطمہ کو جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی ناراضگی کا اندازہ ہوا تو فوراً دونوں چیزوں کو حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں بھجوا دیا اور کہا کہ میں نے انہیں راہ خدا میں دے دیا۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم بہت خوش ہوئے اور اپنی بچی کے حق میں خیرو برکت کی دعا مانگی اور ان اشیاء کو بیچ کر قیمت اصحاب صفہ کے اخراجات میں ڈال دی ۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ہمیشہ حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم اور حضرت فاطمہ زہرا کے تعلقات میں خوشگواری پیدا کرنے کی کوشش فرماتے تھے۔ اگر کبھی کسی گھریلو معاملے میں دونوں کے درمیان ناراضگی پیدا ہو جاتی تو دونوں میں صلح کروا دیتے۔
حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا روایت کرتی ہیں کہ حضرت فاطمہ ( حضور کی بیماری میں ) آئیں۔ نبی کریم ﷺ نے حضرت فاطمہ کو خوش آمدید کہا اور اپنے دائیں طرف یا شاید بائیں طرف بٹھایا۔ حضرت فاطمہ رضی اللہ تعالی عنہا کو بھی رسول کریم ﷺ سے بے حد محبت تھی۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی وفات پر حضرت فاطمہ کی زبان سے جو جذباتی فقرے نکلے ، ان سے بھی آپ ﷺ سے گہری محبت کا اظہار ہوتا ہے۔
آپ رضی اللہ عنہا نے حضرت انس سے کہا ہائے افسوس میرے ابّا ! ہم آپﷺ کی وفات کا افسوس کس سے کریں ۔
کیا جبرائیل علیہ السلام سے ، ہائے افسوس ہمارے ابّا ! آپﷺ اپنے رب کے کتنے قریب ٹھے ۔ ہائے افسوس ! ہمارے ابّا ہمیں داغ جدائی دے کر جنہوں نے جنّت الفردوس میں گھر بنا لیا ۔ ہائے افسوس ! میرے ابّا ! جنہوں نے اپنے رب کے بلاوے پر لبّیک کہا۔ اور اس کے حضور حاضر ہو گئے۔
سیرت نبوی ﷺ کی روشنی میں یہ بات واضح ہوتی ہے کہ اسلام نے بیٹیوں کو ایک بلند مقام اور عزت عطا کی ہے۔
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے عمل اور اقوال سے یہ تعلیم دی کہ بیٹیاں اللہ کی رحمت ہیں۔ اور اُن کے ساتھ محبت، عزت ، اور انصاف کا برتاؤ کرنا والدین کا فرض ہے۔۔ بیٹیوں کی پیدائش پر خوشی منانا۔ ان کی تعلیم و تربیت کی ذمےداری نبھانا، اور اُن کے حقوق کا تحفظ کرنا اسلام کے بنیادی اصولوں میں شامل ہے۔ والدین کے لیے یہ نصیحت ہے کہ وہ اپنی بیٹیوں کے ساتھ حسن سلوک کریں۔ اور اُن کے حقوق کا احترام کریں اور انہیں معاشرتی زندگی میں عزت اور وقار کا مقام دیں ۔
اللہ تبارک و تعالٰی ہم سب کو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کو اپنی زندگیوں میں اپنانے کی توفیق عطا فرمائے تاکہ ہماری بیٹیاں ایک محفوظ اور عزت دار زندگی گزار سکیں۔
آمين بجاه النبي ﷺ۔