(قسط سوم۔3)
حضرت شاہ سید آل برکات ستھرے میاں قدس سرہ۔
ولادت مبارک:
آپ کی ولادت با سعادت ۱۰ رجب المرجب ۱۱٦٣ھ کو مارہرہ مطہرہ میں ہوئی ۔
اسم شریف:
آپ کا اسم گرامی سید آل برکات اور لقب ستھرے میاں ہے۔
والد ماجد:
آپ حضرت سید شاہ حمزہ عینی قدس سرہ کے دوسرے صاحبزادے ہیں۔
تعلیم و تربیت:
آپ نے اپنے والد بزرگوار کے زیر سایہ تمام علوم ظاہری و باطنی کو مکمل فرمایا ، اور والد ماجد سے خلافت و اجازت حاصل فرمائی ، اور منازل سلوک بھی ان کی ہی خدمت میں رہ کر طے فرمائے۔
فضائل:
سراج السالکین حضرت سید شاہ آل برکات ستھرے میاں قدس سرہ آپ اپنے آباؤ و اجداد کے فضل وکمال ظاہری اور باطنی کے وارث و حامل تھے ، آپ بہت بڑے عابد و زاہد ، بچپن ہی سے مسجد میں نماز اور یاد الٰہی میں مصروف رہنے کے شوقین تھے ، تمام عمر بحالت موجودگی مارہرہ مطہرہ مسجد میں آکر نماز ادا فرمائی صرف تین زور کسی بیماری کی وجہ سے مسجد تشریف نہ لا سکے ، جس کی بے چینی کا ذکر فرمایا کرتے تھے، حضرت کلام مجید پر بہت حریص تھے آپ نے اپنی زندگی میں ہزاروں قرآن مجید مکمل فرمائے ، روزانہ کم از کم دس پاروں کے تلاوت فرماتے ، اور اپنے اسلاف کے طریقے پر شب گزاری فرمایا کرتے تھے،
اولاد کرام:
آپ کے دو عقد ہوئے، پہلا عقد سید محمد احسن ابن سید محمد رضا ابن سید امان اللہ کی صاحبزادی سے ہوا، ان سے آپ کے ایک صاحبزادے سید آل امام جما میاں ہوئے، اور دوسرا عقد قاضی سید غلام شاہ حسین صاحب کی صاحبزادی سے ہوا، ان سے آپ کی آٹھ اولادیں پیدا تین صاحبزادے
(۱) سید شاہ آل رسول
(۲) سید شاہ اولاد رسول
(۳) سید شاہ غلام محی الدین امیر عالم
اور پانچ صاحبزادیاں
(۱) عزت فاطمہ
(۲) بتول فاطمہ
(۳) آل فاطمہ
(۴) جمال فاطمہ
(۵) خیریت فاطمہ کی ولادت ہوئی۔
خاص کارنامہ:
آپ کو تعمیرات کا بہت شوق تھا، عبادت و ریاضت سے جو بھی وقت ملتا درگاہ اور خانقاہ کی تعمیر کے لیے وقف فرماتے تھے ۔ درگاہ شریف میں جامع مسجد کی تعمیر جس کا سن تاسیس 1217ھ ہے، آپ کا یادگار کارنامہ ہے، یہ مسجد اب بھی خانقاہِ برکاتیہ میں موجود ہے۔
خلفائے کرام:
آپ کے مشہور خلفاء کے اسماء درج ذیل ہیں،
(۱) حضرت سید شاہ آل رسول احمدی۔
(۲) حضرت سید شاہ اولاد رسول۔
(۳) حضرت سید شاہ غلام محی الدین امیر عالم۔
(۴) حضرت حافظ نصیر الدین علیہم الرحمہ و الرضوان۔
وصال مبارک:
آپ نے ٢٦ رمضان المبارک ۱۲۵۱ھ میں ظہر کے وقت اس دار فانی کو الوداع فرما دیا۔
إنا لله وإنا اليه راجعون۔
حضرت سید شاه آل رسول مارہروى قدس سرہ۔
ولادت با سعادت:
آپ کی ولادت با سعادت رجب المرجب ۱۲۰۹ھ میں مارہرہ شریف میں ہوئی ۔
اسم مبارک:
آپ کا اسم شریف آل رسول ہے اور لقب خاتم الاکابر ہے
والد ماجد:
آپ کے والد ماجد کا نام سید شاہ آل برکات ستھرے میاں قدس سرہ ہے ۔
تعلیم و تربیت:
آپ کی تعلیم و تربیت والدِ ماجد کے آغوش میں ہوئی اور انہیں کی نگرانی میں آپ کی نشو و نما ہوئی، آپ کی ابتدائی تعلیم حضرت عین الحق عبد المجید بدایونی صاحب ، حضرت مولانا شاہ سلامت اللہ بدایونی قدس سرہما سے خانقاہ برکاتیہ ہی میں ہوئی، اس کے بعد فرنگی محل کے علماء سے کتب معقولات ،علم کلام ، فقہ ،اصول فقہ کی تحصیل و تکمیل فرمائی ، اور فن طب اپنے والد بزرگوار حضرت شاہ آل برکات ستھرے میاں قدس سرہ اور حکیم فرزند علی خاں موبانی سے سے حاصل فرمایا ۔
بیعت و خلافت:
حضرت کو خلافت و اجازت حضور سیدی اچھے میاں قدس سرہ سے تھی، والد ماجد نے بھی اجازت عطا فرمائی تھی ، مگر مرید اچھے میاں قدس سرہ کے سلسلے میں فرماتے تھے ۔
فضائل :
خاتم الاکابر حضرت مخدوم الشاہ آل رسول ماہروی قدس سرہ العزیز آپ سلسلہ عالیہ قادریہ کے سینتیسویں امام اور شیخ طریقت ہیں ، تیرہویں صدی کے اکابر اولیاء میں سے تھے ، آپ کی وہ عظیم شخصیت تھی جس کی کوشش سے اسلام اور مذہب اہل سنت کو بڑا فائدہ حاصل ہوا ، آپ علوم ظاہر و باطن میں ماہر تھے ، آپ کے دور میں سلسلۂ برکاتیہ کی کافی اشاعت ہوئی ، امام اہل سنت مجدد دین و ملت الشاہ امام احمد رضا خان قدس سرہ العزیز نے فارسی اور اردو زبان میں آپ کے فضائل میں کثیر اشعار ارشاد فرمائے۔
دو جہاں میں خادمِ آلِ رسولُ اللہ کر
حضرتِ آلِ رسولِ مقتدا کے واسطے۔
اسناد علوم ظاہری و باطنی:
حضور آل رسول مارہروی قدس سرہ نے مولانا شاہ عبد العزیز محدث دہلوی قدس سرہ سے کثیر علوم کی اسناد حاصل فرمائی ، جن میں قرآن کریم ، حدیث مسلسل بالاولیہ، حزب البحر ، صحاح ستہ ، کتب تفسیر و فقہ وغیرہ کی اجازات شامل ہیں ۔
اولاد کرام:
آپ کا عقد شریف نثار فاطمہ بنت سید منتخب حسین صاحب بلگرامی سے ہوا ، جن سے دو صاحبزادے اور تین صاحزادیاں ہوئیں۔
(۱) سید شاہ ظہور حسین بڑے میاں
(۲) سید شاہ ظہور حسین چھوٹے میاں
(۳) انصار فاطمہ
(۴) ظہور فاطمہ
(۵) رحمت فاطمہ علیہم الرحمۃ والرضوان
خلفائے کرام:
حضرت کے خلفائے کرام اپنے وقت کی نابغہ روزگار ہستیاں ہیں جن کی فہرست بہت طویل ہے ، اس میں بعض یہاں مذکور ہیں ۔
(۱) حضرت سید ظہور حسین۔
(۲) حضرت سید شاہ مہدی حسن مارہروی۔
(۳) حضرت سید شاہ ابو الحسين احمد نوری مارہروی۔
(٤) اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان قادری بریلوی۔
(۵) حضرت سید شاہ حسین حیدر۔
(٦) حضرت سید شاہ علی حسین اشرفی کچھوچھوی۔
(۷) حضرت قاضی عبد السلام عباسی۔
(۸) حضرت مفتی محمد حسن رضا خان بریلوی۔
(۹) حضرت مفتی محمد شرف علی صدیقی۔
(۱۰) حضرت شیخ منور علی۔
علیہم الرحمۃ والرضوان ۔
تاریخ وصال :
آپ نے ۱۸ ذی الحجہ ۱۲۹٦ھ بدھ کے روز مارہرہ شریف میں وصال فرمایا۔
إنا لله و إنا إليه راجعون ۔
حضرت سید شاہ ابو الحسين احمد نوری قدس سرہ۔
ولادت شریف:
آپ کی ولادت باسعادت ۱۹ شوال المکرم ۱۲۵۵ھ مطابق ۲۶ دسمبر ۱۸۳۹ء بروز جمعرات مارہرہ شریف میں ہوئی۔
اسم شریف :
آپ کا اسم مبارک سید ابو الحسين احمد نوری ہے اور تاریخی نام مظہر علی ہے ملقب میاں صاحب قدس سرہ ہے۔
والد ماجد:
آپ کے والد ماجد کا اسم گرامی حضرت سید شاہ ظہور حسن مارہروی قدس سرہ ہے۔
تعلیم و تربیت:
آپ کی عمر شریف جب ڈھائی سال کی تھی آپ کے والد ماجد کا انتقال ہوگیا ، اس کے بعد آپ کی کفالت آپ کے جد امجد حضرت سید شاہ آل رسول مارہروی قدس سرہ نے فرمائی ، مکتب میں داخلہ کے بعد آپ نے فارسی، عربی ، فقہ ، تفسیر ، حدیث ، لغت ، منطق ، وغیرہ دیگر علوم کو حاصل فرمایا، آپ نے متعدد علمائے کرام سے اکتساب علم فرمایا جن میں بعض کے نام حسب ذیل ہیں:
(۱) حضرت میاں جی رحمت اللہ صاحب۔
(۲) حضرت جمال روشن صاحب۔
(۳) حضرت حافظ و قاری محمد عیاض رامپوری۔
(۴) حضرت مولانا مفتی حسن خان بریلوی۔
(۵) حضرت مولوی ہدایت علی بریلوی۔
(٦) حضرت مولوی محمد حسین بخاری کشمیری قدس سرہم۔
اسناد علوم باطنی :
آپ نے حضرت سید شاہ آل رسول مارہروی قدس سرہ سے علوم باطنی کا اکتساب فرمایا ، آپ کے علاوہ حضرت سید غلام محی الدین ، حضرت مفتی سید عین الحسن بلگرامی ، حضرت شاہ شمس الحق ، حضرت مولوی احمد حسن مرادآبادی ، حضرت حافظ شاہ علی حسین مرادآبادی قدس اللہ سرہم سے اذکار و سلوک کو پایہ تکمیل تک پہنچایا۔
اجازت و خلافت:
آپ کو خلافت و اجازت اپنے شیخ طریقت حضرت سید شاہ آل رسول مارہروی قدس سرہ سے تھی ، اس کے علاوہ حضور خاتم الاکابر نے آپ کو قرآن مجید ، صحاح ستہ ، مصنفات شاہ ولی اللہ محدث دہلوی ، دلائل الخیرات ، حصن حصین وغیرہ تمام علوم کی اسناد جو آپ کو اپنے اساتذہ سے حاصل ہوئی تھی عطا فرمائی ۔
فضائل :
سراج السالکین ، نور العارفین ، شیخ طریقت ، حضرت سید الشاہ ابو الحسین احمد نوری مارہروی قدس سرہ آپ سلسلۂ عالیہ قادریہ ، رضویہ کے اڑتیسویں امام و شیخ طریقت ہیں، آپ کے فضائل و مناقب پر امام اہل سنت اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان قادری بریلوی نے کثیر اشعار ارشاد فرمائے جو حدائق بخشش میں موجود ہیں ۔
برتر قیاس سے ہے مقام ابوالحسین
سدرہ سے پوچھو رفعت بام ابوالحسین ۔
آپ نے بے شمار لوگوں کو حلقۂ بیعت میں شامل فرمایا ، اور آپ جس کو بھی اپنی بیعت میں شامل فرماتے اس کو تمام فرقۂ باطلہ سے اجتناب کی تلقین فرماتے، اور آپ خود تمام فرق باطلہ کا تحریری رد فرماتے ، آپ ان بے شمار خوبیوں کے ساتھ ساتھ اخلاق و مروت اور جود و سخا کے پیکر تھے۔
روحانی فیض :
حضور نور العارفین سید شاہ ابو الحسین احمد نوری قدس سرہ العزیز نے کثیر انبیاء کرام اور اولیائے عظام سے اکتساب فیض فرمایا جن کے اسماء مندرجہ ذیل ہیں
(۱) حضور نبی کریم ﷺ کی زیارت مصافحہ و معانقہ فرمایا۔
(۲) حضرت سیدنا موسیٰ علیہ السلام۔
(۳) حضرت سیدنا عیسیٰ علیہ السلام۔
(۴) حضرت سیّدنا سلیمان علیہ السلام کی زیارت فرمائی اور ان حضرات انبیاء کرام سے اخذ فیض فرمایا۔
(۵) حضرت امیر المومنین سیدنا علی کرم اللہ وجہ الکریم و سید الشہداء حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کی زیارت فرمائی اور اخذ فیض فرمایا۔
(٦) حضرت سیدنا شیخ عبدالقادر جیلانی رضی اللہ عنہ۔
(٧) حضرت خواجہ غریب نواز رضی اللہ عنہ۔
(٨) حضرت ذو النون مصری رضی اللہ عنہ ، اور اقطاب مارہرہ وغیرہ کی زیارتوں سے شرفیاب ہوئے۔
تصنیفی خدمات:
آپ نے متعدد کتب تصنیف فرمائی آپ کی تصانیف کا مطالعہ اہل علم و دانش کے لئے فوائد سے خالی نہیں ، ہم یہاں ذیل میں حضرت کی تصانیف کو ذکر فرما رہے ہیں جن میں سے بعض طبع ہو چکی ہیں اور بعض طبعت کےمراحل میں ہیں۔
(۱) العسل المصفي في عقائد أرباب سنة المصطفى اردو۔
(٢) سوال و جواب اردو (مسئلہ تفضیل)۔
(٣) اشتہار نوری۔
(۴) تحقیق التراویح۔
(۵) دلیل الیقین من کلمات العارفین۔
(٦) عقیدۂ اہل سنت۔
(۷) الجفر۔
(۸) لطائف طریقت كشف القلوب۔
(۹) النور و البہا فی اسانید الحدیث و سلاسل الاولیاء۔
(۱۰) سراج العوارف فی الوصایا المعارف (عربی)۔
(۱۱) النجوم۔
(۱۲) صلوۃ غوثیہ۔
(۱۳) اسرار اکابر برکاتیہ۔
خلفائے کرام:
حضرت نور العارفین سید شاہ نوری میاں قدس سرہ کی کوئی اولاد نہیں تھی مگر آپ کی روحانی اولادوں کی تعداد بے شمار ہے ، جنہوں نے آپ کے دامن كرم سے وابستہ ہو کر عالم اسلام میں عظیم خدمات انجام دیں ، حضرت کے خلفاء کی فہرست بہت طویل ہے ، یہاں مشاہیر خلفائے کرام کے اسماء ذکر کیے جا رہے ہیں ،
(۱) حضرت امام عشق و محبت سرکار اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان قادری بریلوی۔
(۲) حضرت سید ابن حسن۔
(۳) حضرت سید اقبال حسن۔
(۴) حضرت مولانا عطاء اللہ خان۔
(۵) حضرت مولانا محمد جمیل الدین۔
(٦) حضرت مولانا عبد القیوم۔
(۷) حضرت مولانا غلام حسین۔
(۸) حضرت حکیم عنایت اللہ بریلوی۔
(۹) حضور تاجدار اہل سنت مفتی اعظم ہند شاہ مصطفیٰ رضا خان۔
(۱۰)حضرت مفتی احمد حسن خان۔
وصال مبارک:
آپ نے ۱۱ رجب المرجب ۱۳۳۴ھ مطابق ۳۱ اگست ۱۹۰٦ء میں وصال فرمایا ۔
إنا لله و إنا إليه راجعون۔
مولی عزوجل اپنے حبیب پاک حضور اکرم ﷺ کے صدقے توسل مشائخ مارہرہ مطہرہ کی اولاد واحفاد کو نسلا بعد نسل استقامت علی الحق اور تصلب فی الدين کی توفیق عطا فرمائے، اور مشائخ مارہرہ مطہرہ کے صدقہ وتوسل ہماری بخشش و مغفرت فرمائے ، اور ان مشائخ کا سایہ ہم پر تادیر قائم ودائم فرمائے ۔
آمين بجاه النبي محمد ﷺ💚