AL AZHARI WELFARE TRUST
Al Azhari Welfare Trust

اسلامی مضامین و مقالات

عقائد، فقہ، سیرتِ طیبہ اور دورِ حاضر کے فکری مسائل پر جید علمائے کرام اور محققین کی مستند علمی نگارشات

10 0

مساجد اور مدارس پر حکومتی حملے، مسلمان کیا کریں۔

مساجد اور مدارس پر حکومتی حملے، مسلمان کیا کریں۔

مبسملًا وحامدًا ومصلِّيًا ومسلِّمًا۔

اسلام نے جس معاشرے کی بنیاد رکھی، اس کی دینی علمی اور اخلاقی تعمیر و تشکیل کی ذمہ داری دو عظیم اداروں پر عائد کی، مسجد اور مدرسہ، مسجد کو اسلام میں ہمیشہ سے ایک مقدس مقام کی حیثیت حاصل رہی ہے، 
اللہ تعالیٰ قرآنِ مجید میں ارشاد فرماتا ہے:
﴿ وَأَنَّ الْمَسَاجِدَ لِلَّهِ فَلَا تَدْعُوا مَعَ اللَّهِ أَحَدًا}﴾
(سورۃ الجن: 18)
ترجمہ : اور یہ کہ مسجدیں اللہ ہی کی ہیں تو اللہ کے ساتھ کسی کی بندگی نہ کرو۔ (کنزالایمان)

اسی طرح دوسری جگہ ارشاد فرماتا ہے:
﴿ إِنَّمَا يَعْمُرُ مَسَاجِدَ اللَّهِ مَنْ آمَنَ بِاللَّهِ وَالْيَوْمِ الْآخِرِ﴾
(سورۃ التوبہ: 18)
ترجمہ: اللہ کی مسجدیں وہی آباد کرتے ہیں جو اللہ اور قیامت پر ایمان لاتے اور نماز قائم کرتے ہیں۔ (کنزالایمان)

یہ آیات مبارکہ اس بات پر دلالت کرتی ہیں کہ مساجد توحید خداوندی اور اسلام کی دعوت کے مراکز ہیں،
مساجد محض عبادت کا مقام نہیں بلکہ مسلمانوں کی تعلیمی، سماجی اور سیاسی زندگی کا محور ہیں، مساجد کی حیثیت اسلام کی تاریخ میں کبھی بھی صرف نماز کی ادائیگی تک محدود نہیں رہی، بلکہ یہ وہ مراکز تھیں جہاں سے دین کے ساتھ دنیاوی معاملات بھی چلائے جاتے تھے۔
 نبی کریم ﷺ کے دور میں مسجد نبوی نہ صرف عبادت بلکہ تعلیم، سیاست، مشاورت، اور فوجی منصوبہ بندی کا مرکز تھی۔ یہاں صحابہ کرام کے فیصلے کیے جاتے، مہاجرین اور انصار کے درمیان اخوت کے معاہدے ہوتے، مہمانوں کی ضیافت کی جاتی اور غریب و مسکینوں کے لیے مدد فراہم کی جاتی تھی ۔

 اسی طرح مدرسہ علم دین، فہمِ شریعت، تزکیۂ نفس اور دینی وراثت کے تحفظ کا مضبوط قلعہ ہے۔
اللہ پاک قرآن کریم میں ارشاد فرماتا ہے۔
﴿ فَلَوْلَا نَفَرَ مِنْ كُلِّ فِرْقَةٍ مِنْهُمْ طَائِفَةٌ لِيَتَفَقَّهُوا فِي الدِّينِ وَلِيُنْذِرُوا قَوْمَهُمْ إِذَا رَجَعُوا إِلَيْهِمْ لَعَلَّهُمْ يَحْذَرُونَ ﴾
(التوبة 122)
ترجمہ : تو کیوں نہ ہو کہ ان کے ہر گروہ میں سے ایک جماعت نکلے کہ دین کی سمجھ حاصل کریں اور واپس آکر اپنی قوم کو ڈر سنائیں، اس امید پر کہ وہ بچیں۔ (کنزالایمان)

اگرچہ موجودہ دور کی دینی درسگاہیں بعد کے ادوار میں وجود میں آئیں، لیکن ان کی اصل بنیاد اسی تعلیم پر قائم تھی جو اسلام نے ابتدا ہی سے دی، اسلامی تاریخ میں مدارس نے دینی علوم جیسے فقہ، حدیث، تفسیر، اصول، منطق، وغیرہ کے ساتھ عقلی و سائنسی علوم جیسے ریاضی، طب، فلکیات، کیمیا، علم نبات وغیرہ علوم کی حفاظت میں بنیادی کردار ادا کیا۔ انہی اداروں سے امام غزالی، امام رازی، جابر بن حیان ، محمد بن موسیٰ خوارزمی، ابن سینا، ابن رشد، ابن الہیثم، البیرونی، جیسے عظیم علما اور سائنس دان پیدا ہوئے، جنہوں نے ہر دور میں دین کی خدمت، امت کی اصلاح اور اسلامی تہذیب کے تحفظ کا فریضہ انجام دیا۔

مدارس اسلامیہ قائم کرنے کا مقصد مسلمانوں کو زیور علم سے آراستہ کرنا ہے، تاکہ مسلمان اس راہ پر چل کر فہم دین اور فہم شریعت تک رسائی حاصل کر سکیں، اور دنیا میں اشاعتِ حق کی آواز بلند ہو، اور شریعت اسلامیہ کو اعلیٰ مقام حاصل ہو، جب مدارسِ اسلامیہ کے قائم کرنے کا مقصد یہ ہے تو اغیار کی نظروں سے مدارسِ اسلامیہ کی اہمیت بھلا کس طرح اوجھل ہو سکتی ہے کہ جہاں سے علم کے چشمیں پھوٹتے ہیں۔ اسلامی تحریکیں جنم لیتی ہیں، ایمانی شعور کو بیدار کیا جاتا ہے، عام مسلمان دینی وعصری تعلیم کی طرف راغب ہوتا ہے، یہیں سے دعوت وتبلیغ کی سرگرمیاں پورے آب و تاب کے ساتھ زندگی کے ہر شعبے میں کارہائے نمایاں انجام دیتی ہیں، اور یہیں قائد و رہنما پیدا ہوتے ہیں، لہٰذا جب اغیار ان تمام چیزوں پر آگاہ ہوتے ہیں تو ان کے لیے ضروری ہوجاتا ہے کہ مسلمانوں کے تعلیمی اداروں پر روک لگا کر مسلمانوں کو مزید مفلوج ومعذور کیا جائے۔  

 تاریخ کا مطالعہ اس حقیقت کو واضح کرتا ہے کہ جب بھی مخالفین کے ذریعے اسلام اور مسلمانوں کو کمزور کرنے کی کوشش کی گئی تو سب سے پہلے ہماری مساجد اور مدارس کو خصوصی طور پر نشانہ بنایا گیا۔ کبھی انہیں منہدم کیا گیا، کبھی ان کی آزادی سلب کی گئی، کبھی ان کو دہشت گردی کے اڈے بتاکر ان پر پابندیاں عائد کی گئی، کبھی ان کے مالی وسائل محدود کیے گئے، اور کبھی ان کی دینی و تعلیمی سرگرمیوں پر روک لگا دی گئی۔ ایسے اقدامات کے نتیجے میں اسلام کی دینی اور سیاسی طاقت ختم ہو گئی۔

اسلامی تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ امتِ مسلمہ کو مختلف ادوار میں ایسے حالات کا سامنا کرنا پڑا جب مساجد، مدارس اور علمی مراکز کو شدید نقصان پہنچایا گیا۔ لیکن ہر دور میں اہلِ علم اور اہلِ ایمان نے صبر، استقامت، علم اور حکمت کے ذریعے ان مشکلات کا مقابلہ کیا اور دین کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھا۔ 

ذیل میں چند تاریخی مثالیں پیش کی جاتی ہیں۔
أولاً: سقوطِ بغداد۔
656 ہجری میں منگولوں نے ہلاکو خان کی قیادت میں بغداد پر حملہ کیا، اور وہاں پر عباسی خلیفہ المستعصم باللہ کو قتل کرکے عباسی خلافت کا خاتمہ کیا۔ اس حملے میں ہزاروں مسلمان، علما شہید ہوئے، متعدد مساجد، مدارس اور کتب خانے تباہ کر دیے گئے۔ بغداد جہاں مسلمانوں کی دنیا کی سب سے بڑی لائبریری موجود تھی جس میں تمام سبجیکٹس میں اسلامک اسکالرس کی کئی لاکھ کتابیں موجود تھی ، جن کو دشمنوں نے جلا کر نہر فرات میں ڈال دیا۔

لیکن اس کے باوجود علماء نے درس و تدریس کا سلسلہ منقطع ہونے نہیں دیا۔ علما وہاں سے دمشق، قاہرہ اور دیگر اسلامی شہروں کی طرف منتقل ہوئے، مدارس کی تعمیر نو کی گئی، علمی حلقے قائم ہوئے اور دینی علوم کی اشاعت پہلے کی طرح جاری رہی۔ یہی وجہ ہے کہ اگرچہ بغداد کو شدید نقصان پہنچا، لیکن اسلامی علمی روایت ختم نہ ہو سکی۔ 
( البداية والنهاية ج: 17 صفحة: 356) 

ثانياً: سقوطِ اندلس۔
1492ء میں غرناطہ کے سقوط کے بعد اندلس میں مسلمانوں کی سیاسی حکومت ختم ہو گئی۔ اس کے بعد بہت سی مساجد کو گرجا گھروں میں تبدیل کر دیا گیا، مدارس بند کر دیے گئے اور اسلامی تعلیمات پر سخت پابندیاں عائد کی گئیں۔ مسلمانوں کو جبراً عیسائیت قبول کرنے پر مجبور کیا گیا، مسلمانوں کے ساتھ خوب قتل و غارت کی گئی ، عربی زبان اور اسلامی شناخت کو مٹانے کی کوششیں بھی کی گئیں۔
ان سخت حالات میں مسلمانوں نے اپنے ایمان اور دین کی حفاظت کے لیے مختلف تدابیر اختیار کیں۔ بہت سے علماء شمالی افریقہ اور دیگر اسلامی علاقوں کی طرف ہجرت کر گئے اور وہاں نئے علمی مراکز قائم کیے۔ جو مسلمان اندلس میں باقی رہے، انہوں نے حتیٰ المقدور گھروں میں قرآن اور دینی تعلیم کا سلسلہ جاری رکھا اور اپنی آئندہ نسلوں تک دین پہنچانے کی کوشش کی۔
(دولة الإسلام في الأندلس ج: 5)

آج اسی نوعیت کے حالات ہمارے وطنِ عزیز ہندوستان میں بھی مختلف صورتوں میں دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ مختلف جگہوں پر مساجد اور مدارس کے خلاف کارروائیاں کی جا رہی ہیں، ان پر طرح طرح کی پابندیاں عائد کی جا رہی ہیں، اور مسلمانوں کی دینی شناخت کو کمزور کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں تعلیمی، سماجی اور دینی اعتبار سے محدود کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، خاص طور پر اتر پردیش ، آسام، اتراکھنڈ، راجستان میں مدارسِ اسلامیہ کا وجود ختم کرنے کے لئے پوری طرح سے کوشش جاری وساری ہے، اس کام کو کرنے کے لیے انہوں نے اپنی پوری طاقت داؤ پر لگا دی ہے۔ یہ لوگ ہندوستان کے دستور وآئین اور اس کے سیکولرزم کی دھجیاں بکھیر کر رکھ دینا چاہتے ہیں۔
ایسے نازک حالات میں مسلمانوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ بیداری، اتحاد، حکمت عملی کا مظاہرہ کریں۔ اس بات کی اشد ضرورت ہے کہ ایک جامع اور مؤثر لائحۂ عمل مرتب کیا جائے، جس کے ذریعے مساجد اور مدارس کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے، ان کی دینی، تعلیمی اور سماجی خدمات کو مزید مضبوط بنایا جائے، اور آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنے مذہبی اور تعلیمی حقوق کے تحفظ کے لیے منظم اور پُرامن جدوجہد کی جائے۔
 
 ذیل میں راقم الحروف کی طرف سے مساجد و مدارس دونوں کے تحفظ کے لیے منتظمین، علماء کرام اور دانشوران قوم کی خدمت میں کچھ مشورے اور نکات پیش ہیں:

اولاً: مساجد کی حفاظت کے لیے تجاویز اور اقدامات۔
1۔ مساجد کو آباد کرنا۔
مساجد کو آباد کرنا ہر مسلمان کی ایمانی ذمہ داری ہے۔ مساجد کو صرف جمعہ اور عیدین کی نمازوں تک محدود نہ رکھیں، بلکہ پانچ وقت کی نمازوں میں شرکت کو اپنی زندگی کا لازمی حصہ بنائیں۔ اس کے ساتھ ساتھ مساجد کو صاف ستھرا، خوبصورت اور پرکشش بنائیں تاکہ لوگ شوق سے یہاں آئیں۔ مساجد کو ایسی جگہ بنائیں جہاں ذکرِ الٰہی کی خوشبو مہکے اور روحانیت کے چراغ روشن ہوں۔

2۔ مرکزی حیثیت دینا۔
 مساجد کو صرف نماز کی ادائیگی تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ مساجد میں قرآن و سنت کی تعلیم، حلقۂ دروس، تربیتی اجلاس منعقد کریں ، جس طرح رسول اللہ ﷺ اور صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کے دور میں مساجد نہ صرف عبادات کا مرکز تھیں بلکہ تعلیم، سیاست، اور عدل و انصاف کے لیے بھی استعمال ہوتی تھیں۔ اسی طرح مساجد میں دینی تعلیم کے ساتھ جدید علوم کی تدریس، منعقد کریں۔ نوجوان نسل کو مساجد سے جوڑنے کے لیے علمی حلقوں کا انعقاد کریں، تاکہ وہ دین کے ساتھ ساتھ اپنی سماجی زندگی میں بھی رہنمائی حاصل کر سکیں۔

3۔ قانونی تحفظ کو یقینی بنائیں۔
 مساجد کو قانونی طور پر مضبوط کرنا ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے۔ وقف بورڈ اور دیگر متعلقہ اداروں کے ذریعے مساجد کی رجسٹریشن مکمل کریں اور ان کے دستاویزات محفوظ رکھیں۔ مساجد کی تاریخی اور قانونی اہمیت پر لوگوں کو آگاہ کریں تاکہ کوئی بھی غیر قانونی حرکت ان کے خلاف نہ ہو سکے۔

4۔ ٹیکنالوجی کا استعمال۔
مساجد کی حفاظت کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ مساجد کے اردگرد سی سی ٹی وی کیمرے نصب کریں تاکہ کسی بھی مشکوک حرکت کو ریکارڈ کیا جا سکے۔ اور کوئی بھی شر پسند مسجد کے تقدس کو پامال نہ کرسکے، اور ایمرجنسی کی صورت میں الرٹ سسٹم اور مقامی پولیس کے ساتھ فوری رابطے کا انتظام کریں۔ 

5۔ عوامی شعور اجاگر کریں: 
مساجد کی حفاظت کے لیے عوام میں شعور بیدار کرنا ضروری ہے۔ لوگوں کو یاد دلائیں کہ مساجد کی حفاظت اور ترقی ہر مسلمان کی انفرادی اور اجتماعی ذمہ داری ہے۔ سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع ابلاغ کا استعمال کرتے ہوئے مساجد پر حملوں کے خلاف آواز اٹھائیں۔ عوام کو ترغیب دیں کہ وہ مساجد کے تحفظ کے لیے مالی مدد فراہم کریں تاکہ حفاظتی اقدامات کو بہتر بنایا جا سکے۔

ثانیا: مدارس کی حفاظت کے لیے تجاویز اور اقدامات۔
1۔ سب سے پہلے مدرسہ یا مکتب کو کسی رجسٹرڈ ٹرسٹ یا سوسائٹی کے تحت لائیں۔ اور اس کا اپنا ایک کرنٹ بینک اکاؤنٹ کھلوائیں، اور آمدنی واخراجات میں زیادہ سے زیادہ بینک کا استعمال کریں، اور ہر حال میں سالانہ آئی ٹی آر فائل کریں ۔ 

2۔ چھوٹے مدارس جن میں طلبہ کی تعداد بہت کم ہو ان کو قریبی کسی ادارے کے ساتھ ضم کر دیا جائے یا ان اداروں کو مکتب کی تعلیم باقی رکھتے ہوئے پرائیویٹ اسلامی اسکول میں تبدیل کر دیا جائے۔

3۔ ہاسٹل میں قانونی طور پر صحیح اور بچوں کے لیے کھانے پینے کا صاف ستھرہ ماحول بنائیں، اور بچوں کے رہنے کے لیے بہترین کمروں کا انتظام کریں ، اور عمر کے لحاظ سے بچوں کو کمرے میں شفٹ کریں ۔

4۔ مدارس میں ایڈمیشن کے وقت داخلہ فارم کا ضرور استعمال کریں، جس میں بچوں کی تمام معلومات موجود ہو، اور والدین یا سرپرست سے ان کی تعلیم اور مدرسہ میں قیام کے تعلق سے داخلہ فارم میں تحریری اجازت لی جائے، اور ہر مدرسہ یا مکتب اردو کے علاوہ ہندی اور انگریزی زبان میں بھی داخلہ فارم کا استعمال کریں نیز ہر سال نئے فارم کے ساتھ داخلے کی تجدید کریں۔ تمام طلبہ کا آدھار کارڈ یا ووٹر آئی ڈی کارڈ کی فوٹو کاپی داخلہ فارم کے ساتھ منسلک رکھیں، اور مدارس کے ابنائے قدیم کی لسٹ اور ان کے متعلق ممکنہ معلومات بھی تیار رکھیں۔

5۔ تمام بچوں سے ان کی حیثیت کے اعتبار سے ماہانہ فیس کی وصولی کی جائے، اس لیے کہ مکمل طور پر مفت تعلیم کا نظام آنے والے وقتوں میں کافی مشکل ہوگا۔ اس لیے مدارس کو مجموعی طور پر دوسرے تعلیمی اداروں کی طرح مالی طور پر کسی نہ کسی حد تک خود مکتفی بنانے کی کوشش کی جائے۔

6۔ تمام چھوٹے بڑے مدارس میں دینی تعلیم کے ساتھ ماڈرن ایجوکیشن کا معقول انتظام کیا جائے، اور اس میں پرائمری اسکول کے صوبائی نصاب کو شامل کیا جائے، کسی بھی تعلیمی ادارے کے معیار کا پیمانہ اس کی تعلیمی کارکردگی ہی ہے، اس لئے ہر چھوٹے بڑے مدرسے کو چاہیے کہ وہ جدید طریقہ تعلیم اور قدیم مفید نظام تعلیم کے ذریعے اپنے تعلیمی معیار کو اس کے آس پاس کے دوسرے تعلیمی اداروں سے بہتر اور مزید مؤثر بنائیں۔

7۔ مدارس کے ذمہ داران کو چاہیے کہ علاقے کے نوجوان اور تعلیم یافتہ لوگوں کو ادارے سے جوڑیں اور ان سے افادہ واستفادہ کا تعلق رکھیں، اور وقتاً فوقتا ماہرین سے حالات حاضرہ اور معاشی، سیاسی وتاریخی موضوعات پر خدمات حاصل کی جائے۔

حاصل کلام یہ ہے کہ مساجد اور مدارس اسلام کی دینی، علمی اور تہذیبی شناخت کے مراکز ہیں۔ تاریخ شاہد ہے کہ جب بھی ان اداروں کو کمزور کرنے کی کوشش کی گئی، ہمارے علماء کرام نے حکمت و دانائی اور جدوجہد کے ذریعے نہ صرف ان کی حفاظت کی بلکہ انہیں دوبارہ اپنی اصل حیثیت پر قائم بھی کیا۔ ہمیں بھی اسی طرح ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اپنے دینی اداروں کو ہر اعتبار سے مضبوط بنانے کی ضرورت ہے، مساجد کو عبادت کے ساتھ تعلیم اور اصلاحِ معاشرہ کا مرکز بنائیں ، اور مدارس میں دینی علوم کے ساتھ جدید تعلیمی نظام کو مزید مستحکم کریں، اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنے مذہبی اور تعلیمی حقوق کے تحفظ کے لیے حکمت، اور پُرامن طریقے سے جدوجہد جاری رکھیں۔ 

اللہ تعالیٰ ہمیں اپنی مساجد اور مدارس کی صحیح معنوں میں خدمت، حفاظت اور آبادکاری کی توفیق عطا فرمائے، انہیں ہر قسم کے شر، فتنہ و فساد سے محفوظ رکھے ، اور امتِ مسلمہ کی تمام مشکلات کو آسان فرمائے، مسلمانوں کو اتفاق و اتحاد کے ساتھ مل کر رہنے کی توفیق عطا فرمائے۔
 آمین بجاہ سید المرسلین ﷺ۔
WhatsApp Facebook