AL AZHARI WELFARE TRUST
Al Azhari Welfare Trust

اسلامی مضامین و مقالات

عقائد، فقہ، سیرتِ طیبہ اور دورِ حاضر کے فکری مسائل پر جید علمائے کرام اور محققین کی مستند علمی نگارشات

10 0

نبی کریم ﷺ اور غلاموں کے ساتھ حسنِ سلوک ۔

نبی کریم  ﷺ  اور  غلاموں کے ساتھ حسنِ سلوک ۔

مبسملا و حامد او مصلیا و مسلما ۔

اللہ تبارک و تعالی نے دنیا کے لحاظ سے سب کو برابری نہیں دی کوئی حاکم ہے تو کوئی محکوم، کوئی آقا ہے تو کوئی غلام، کوئی بادشاہ ہے تو کوئی رعایا، کوئی غنی ہے تو کوئی فقیر ۔ 
مقام و مرتبہ کا یہ فرق اس لئے ہر گز نہیں کہ ذی مرتبہ کم حیثیت شخص کو   نیچ اور حقیر سمجھے بلکہ یہ فرق دنیا کے نظام کو چلانے اور انسانی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے ہے۔ اسلام کا یہ حسن ہے کہ وہ اپنے ماننے والوں کو غلاموں کے ساتھ شفقت کا  برتاؤ   کرنے کی تعلیم دیتا ہے۔

جب تاریخ  انسانی میں غلاموں کو انسان سمجھنا بھی گوارا نہ تھا، اُس وقت نبی رحمت، فخر انسانیت، حضرت محمد ﷺ     نے غلاموں کو عزت ، محبت، ہمدردی اور انسانی برابری کا مقام عطا فرمایا۔
 آپ ﷺ   نے اپنے عمل، قول اور سیرت سے غلاموں کے ساتھ حسن سلوک کی ایسی مثالیں قائم کیں جو رہتی دنیا تک انسانیت کے لیے مشعل راہ ہیں۔

نبی اکرم ﷺ ‌ نے‌‌   ‌ 9 ہجری حجتہ الوداع کے موقع پر میدان عرفات میں ایک فقید المثال خطبہ دیا اس خطبے میں حضور ﷺ ‌ نے خاص طور پر انسانیت کے کمزور طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے آواز بلند کی۔ 
آپ  ﷺنے خطبہ میں ارشاد فرمایا:
 ”لوگو! ہر مسلمان دوسرے مسلمان کا بھائی ہے اور سارے مسلمان آپس میں بھائی بھائی ہیں۔ اپنے غلاموں کا خیال رکھو، انھیں وہی کھلاؤ جو خود کھاتے ہو ، وہی پناؤ جو خود پہنتے ہو۔“
نبی رحمت ﷺ ‌  کی بیشتر احادیث مبارکہ غلاموں کے حقوق سے متعلق ہیں جن میں سے چند یہاں پر مذکور ہیں۔ 
(۱)۔ عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ رضي الله عنه قَالَ: سَمِعْتُ رَسُولَ اللهِ ﷺ يَقُولُ : مَنْ أَعْتَقَ رَقَبَةٌ مُؤْمِنَةً أَعْتَقَ اللَّهُ بِكُلِّ عُضُوٍ مِنْهُ عُضْوا مِنَ النَّارِ حَتَّى يُعْتِقَ فَرجَه بفرجه .
 (اخرجہ الخاري في الصحیح  باب ماجاء‌ فی العتق وفضلہ  ،2/ 891،الرقم:1 238)

ترجمہ :  حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ میں نے سنا کہ حضور نبی اکرمﷺ نے فرمایا: جو شخص کسی مسلمان غلام کو آزاد کرے گا اللہ تعالی اس غلام کے ہر عضو کے بدلہ میں اُس (آزاد کرنے والے شخص ) کے ہر عضو کو جہنم کی آگ سے آزاد کر دے گا ،حتی کہ غلام کی شرمگاہ کے بدلہ میں اُس کی شرمگاہ کو آزاد کر دے گا ۔
(یعنی ایک ایک عضو کے بدلے میں اجر عطا ہو گا)۔ 

(۲) عَنْ عَبْدِ اللهِ بْنِ عُمَرَ رضي الله عنهما قَالَ : جَاءَ رَجُلٌ إِلَى النَّبِيِّ ﷺ فَقَالَ: يَا رَسُولَ اللَّهِ ، كَمْ أَعْفُوْ عَنِ الْخَادِمِ؟ فَصَمَت عَنْهُ رَسُولُ اللَّهِ ﷺ   ثُمَّ قَالَ : يَا رَسُولَ اللهِ ، كَمْ أَعْفُو عَنِ الْخَادِمِ؟ فَقَالَ: كُلَّ يَوْمٍ سَبْعِينَ مَرَّةً. 
(أخرجه الترمذي في سننہ، كتاب البر والصلة،
 باب ماجاء في العفو عن الخادم،336/4 الرقم ،1949)

ترجمہ : حضرت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے،  کہ ایک شخص بارگاہ نبوی ﷺ  میں حاضر ہوا ، اور عرض کیا: یارسول اللہ !  میں اپنے خادم کو کتنی بار معاف کروں ؟ آپ کی یہ خاموش رہے ، اس نے پھر عرض کیا: یارسول اللہ ! میں اپنے خادم کو کتنی بار معاف کروں ؟ آپ ﷺنے فرمایا: ہر روز ستر مرتبہ ۔

(۳)عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ رضي الله عنه قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللهِ ﷺ : الْمَمْلُوكُ أَخْؤُكَ فَإِذَا صَنَعَ لَكَ طَعَامًا فَأَجْلِسْهُ   مَعَكَ فَإِنْ أَبَى فَأَطْعِمْهُ وَلَا تَضْرِبُوا وُجُوهَهُم.

(أخرجه أحمدبن حنبل في المسند  505/2، الرقم :10574)

ترجمہ:  حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ ‌‌ بیان کرتے ہیں کہ حضور نبی اکرم ﷺنے فرمایا: غلام بھی تمہارا بھائی ہے ، جب وہ تمہارے لئے کھانا ‌  تیار کرے تو (کھانے میں ) اُسے بھی اپنے ساتھ شریک کرو، ا گر وہ کھانے سے انکار کرے تو پھر بھی اسے کھلاؤ ،‌ اور (اگر ان سے کوئی خطا بھی ہو جائے تو ) ان کے چہروں پر نہ مارو۔“

مذکورہ احادیث مبارکہ سے معلوم ہوتا ہے کہ نبی کریم ﷺ  قول و فعل سے غلاموں کے ساتھ حسن سلوک، شفقت اور محبت کرنے کا حکم فرمایا کرتے تھے۔ اور آپ ﷺ  کی خدمت میں جو غلام آتے، آپ انہیں آزاد کر دیتے ، لیکن وہ آپ کے احسان و کرم اور حسن سلوک کے اثر سے آپ کا دامن عمر بھر نہ چھوڑتے اور آپ کی خدمت کو اپنے لیے سرمایہ سعادت سمجھتے تھے۔

 نبی کریم ﷺ کے خادمین میں سے چند‌ یہاں پر مذکور ہیں ۔

(1) حضرت زید بن حارثہ رضی اللہ عنہ : حضرت زید بن حارثہ رضی اللہ عنہ جن کو بچپن ہی میں غلام بنا کر فروخت کر دیا گیا۔ آپ کی ذہانت و فطانت دیکھ کر حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا نے آپ کو خرید لیا اور بطور تحفہ حضور ﷺ ‌ کی خدمت میں پیش کیا۔ حضرت زید بن حارثہ کی خوش بختی کہ انھیں کائنات کے سب سے عظیم انسان کی قربت اور تربیت میں رہنے کا موقع ملا۔ آپ ﷺ نے حضرت زید بن حارثہ کو نہ صرف آزاد کر دیا ،بلکہ اپنا متبنیٰ بھی بنا کر اپنے گھر کا ایک فرد   قرار دیا۔ 
حضرت زید کے والد کئی سالوں کی تلاش کے بعد اپنے بیٹے کو لینے مکہ مکرمہ پہنچے تو بیٹے نے والد کے ساتھ جانے سے انکار کر دیا،‌  اور کہا کہ میں نے اس عظیم شخصیت میں ایسی صفات پائی ہیں کہ اب ان سے جدا ہونا ہر گز پسند نہیں کرتا۔

(الحمد للہ عز وجل، میرے لیے اس سے بڑھ کر شرف کیا ہو سکتا ہے،  کہ آج  12 اگست 2025 کو میں اردن کے کرک صوبے کے قصبہ المزار الجنوبی میں حضرت زید بن حارثہ رضی اللہ عنہ کے مزار پر حاضری کے شرف سے مستفید ہوا ، اور یہاں بیٹھ کر اسی مقام کی روحانی فضاء  میں اس مضمون کو مکمل کرنے کا موقع ملا۔)


(2) حضرت بلال بن رباح رضی اللہ عنہ :
 مکۃ المکرمہ کے حبشی النسل غلاموں میں اعلیٰ مقام پانے والے حضرت بلال رضی اللہ عنہ اسلام کے مؤذن اول ایک غلام کی حیثیت سے اپنے آقا امیہ بن خلف کے اونٹوں کی دیکھ بھال کرتے اور دوسرے غلاموں کی طرح دن بھر کی مشقت کے بعد انھیں صرف تن ڈھانپنے کے لیے کپڑے اور معمولی قسم کا کھانا دے دیا جاتا۔ حضرت بلال نے اسلام کے اولین دور میں پیغام حق کو تسلیم کیا مگر اس جرم کے بدلے میں ان پر   وحشیانہ تشدد   کیا جاتا۔ دہکتی   زمین پر لٹا کر سینے پر بھاری پتھر رکھ دیئے جاتے مگر حضرت بلال اسلام سے دستبرداری کی بجائے   احد احد     کی صدا بلند کرتے۔ بڑھتے ہوئے ظلم و ستم کو دیکھتے ہوئے حضرت ابو بکر نے لاالہ الا اللہ کے اس داعی کو تقریباد و سودرہم میں خرید کر اللہ کی رضا کے لیے آزاد کر دیا۔

حضرت بلال کو ہجرت مدینہ کے بعد یہ سعادت حاصل ہوئی       کہ وہ اللہ کے رسول کے ذاتی خادم مقرر ہوئے۔ حضرت بلال ازواج مطہرات کے چھوٹے موٹے کام اور امور خانہ سر انجام دیتے۔ وہ آپ ﷺ کے عہدِدار      اور خازن بھی تھے۔ مسجد نبوی کی تعمیر کے بعد آپ اسلام کے موذن اول مقرر ہوئے۔
 دن میں پانچ وقت اپنی بلنداور دلکش آواز میں اذان دیا کرتے ۔
 یوم فتح     مکہ پر حضور ﷺ  آپ کو یہ عظیم الشان اعزاز  ‌  بخشا کہ آپ نے بیت اللہ کی چھت سے اذانِ حق کی صدا بلند کی اور حسب  و نسب اور طبقاتی تقسیم کو پاؤں تلے روند ڈالا۔

(3) حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ : تیسری عظیم شخصیت حضرت انس بن مالک جو آپ ﷺ  کے خادم خاص تھے۔ آپ کی والدہ حضرت ام سلیم نے ہجرت مدینہ کے بعد اپنے بیٹے‌‌  کو دس برس کی عمر میں آپ ﷺ   کی خدمت کے لیے وقف کر دیا تھا۔ حضرت انس رسول اللہ ﷺ  کے عظیم اخلاق کا نمونہ بیان کرتے ہوئے فرماتے ہیں:   کہ میں نے نبی کریم ﷺ  کی دس برس تک خدمت کی۔       
مجھے یاد نہیں کہ آپ نے کبھی میرے کام پر ملامت فرمائی ہو اور مجھ سے یہ کہا ہو کہ تم نے ایسا کیوں کیا یا ایسا کیوں نہیں کیا۔ رسول اللہ ﷺ  کی خدمت میں آپ کا اٹھنا بیٹھنا ہوا تو آپ کی شخصیت پر اس کے مثبت اثرات مرتب ہوئے۔ حضرت انس رسول اللہ ﷺ کی سنت پر عمل کرتے اور آپ کا اسوہ حسنہ اپنانے کی کوشش کرتے۔ خود رسول اللہ ﷺ   حضرت انس سے بہت پیار کرتے تھے،  ان سے کوئی   کوتاہی    ہو جاتی تو  ‌انتہائی محبت اور پیار سے ان کی تربیت فرماتے تھے۔
 حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ کو نبی کریم ﷺ کی صحبت سے یہ مقام و مرتبہ ملا آپ حضرت ابوہریرہ اور حضرت عبد اللہ بن عمر بن خطاب رضی اللہ عنہم کے بعد سب سے زیادہ 2286 احادیث روایت کرنے والے صحابی ہیں۔

ان تمام احادیث اور واقعات سے یہ بات روز روشن کی طرح واضح ہو جاتی ہے ،کہ کریم کی ہم نے غلاموں اور خادموں کے ساتھ حسن سلوک، عزت و تکریم ، اور انسانی برابری کا جو معیار قائم کیا وہ امت مسلمہ اور تمام دنیا والوں کے لیے ایک بہترین نمونہ حیات ہے، ہمیں سیرت مصطفی ﷺ سے سیکھنا چاہیے جس طرح آپ ﷺ اپنے خادموں اور غلاموں کے ساتھ حسن سلوک کا معاملہ فرماتے اسی طرح ہمیں اپنے ملازمین کے ساتھ  حسن سلوک کا معاملہ کرنا چاہیے اور ان کی چھوٹی چھوٹی غلطیوں کو در گزر کر دینا چاہیے۔

اللہ تعالی ہمیں سیرت مصطفی ﷺکے تحت رہ کر زندگی گزارنے کی توفیق عطافرمائے،
آمین بجاہ حبیبی ﷺ ❤️۔
WhatsApp Facebook