AL AZHARI WELFARE TRUST
Al Azhari Welfare Trust

اسلامی مضامین و مقالات

عقائد، فقہ، سیرتِ طیبہ اور دورِ حاضر کے فکری مسائل پر جید علمائے کرام اور محققین کی مستند علمی نگارشات

5 0

مارہرہ مطہرہ کے اقطاب سبعہ کا مختصر تعارف۔

مارہرہ مطہرہ کے اقطاب سبعہ کا مختصر تعارف۔
  • (قسط  دوم۔2) 

حضرت شاہ سید آلِ محمد مارہروی قدس سرہ۔

ولادت شریف:
آپ کی ولادت ۱۸ رمضان المبارک ۱۱۱۱ھ بروز جمعرات کو بلگرام میں ہوئی ۔

اسم گرامی:
آپ کا اسم گرامی ابو البرکات سید شاہ آل محمد قدس سرہ ہے ۔

والد ماجد:
آپ کے والد گرامی کا اسم گرامی سلطان العاشقین سید شاہ برکت اللہ قدس سرہ ہے۔ 

تعلیم و تربیت:
آپ کی تعلیم و تربیت والدِ گرامی کی آغوش میں ہوئی اور والدِ ماجد سے ہی شرف بیعت و خلافت حاصل تھا اور ساتھ ہی سید العارفین میر شاہ لطف اللہ لدھان قدس سرہ نے بھی شال خلافت سے آپ کو سرفراز فرمایا تھا ۔

فضائل :
قدرۃ العارفین ، اسوۃ الواصلین حضور الشاه ابو البرکات سید آلِ محمد رحمۃ اللہ علیہ آپ سلسلۂ عالیہ قادریہ کے چونتیسویں امام و شیخ طریقت ہیں، آپ اپنے والد گرامی کے چہیتے فرزند تھے ، والد ماجد کو آپ کی جدائی شاق گزرتی تھی ، آپ کی پوری عمر بزرگوں کے زیرِ سایہ گزری اور فیوض و برکات سے مستفیض ہوئے ، عبادت و ریاضت اور تقویٰ و طہارت میں آپ درجۂ کمال پر تھے ، اور اخلاق و عادات میں اپنے اسلاف کے صحیح ترجمان تھے، والد ماجد نے اپنی حیات مبارکہ ہی میں آپ کو اپنا مکمل جانشین مقرر فرمایا تھا، اور جب کوئی طالب آپ کے والد ماجد کی بارگاہ میں پہنچتا تو آپ ارشاد فرماتے کہ آل محمد کے پاس جاؤ، اس نے میرے سر سے بہت سا بوجھ ہلکا کر دیا ہے اور راحت بخشی ہے ، پھر والد گرامی نے تمام خدمات راہ سلوک و معرفت آپ ہی کے سپرد فرمادیں اور آپ کا بیشتر وقت کتب تصوف خصوصاً والد گرامی کی مصنفات کے مطالعہ سے گزرتا تھا۔

عبادت و ریاضت:
آپ عبادت الٰہی میں ہمہ تن مصروف رہتے تھے ، اٹھارہ برس تک ریاضت میں مصروف رہے اور کامل تین سال تک اعتکاف میں خلوت گزیں رہے اور جوکی روٹی سے افطار فرماتے تھے ، ان ایام میں اعمال و اوراد و مراقبہ اور اذکار و اشغال ہر طریقہ کے جاری رہے ، جس سے بے حد انوار و تجلیات حاصل ہوئے ، پھر حبس نفس کی طرف متوجہ ہوئے اور اس کو درجۂ کمال تک پہنچایا ، ان ایام میں تین مہینے تک پیسے بھر پانی پیتے اور باجرہ کی خشک روٹی تناول فرماتے ، بیان کیا گیا ہے کہ ریاضت کی وجہ سے آپ کے سر مبارک میں گڈھا پڑ گیا تھا اور تالو تک گر گیا تھا۔ یہاں تک کہ آپ نے حبس نفس کے مشکل سلوک کو بھی حاصل فرما لیا ۔

 درس سلوک : 

والد گرامی نے طالبوں اور سالکوں کی خدمت و تعلیم کو آپ کے حوالے فرما دیا تھا، اسی وجہ سے آپ کی خدمت میں جو شخص آتا، اس کو ظاہر و باطن میں پورا پورا شریعت مطہرہ سے پیراستہ ہونے کی وصیت و تاکید فرماتے اور مبتدی کو الف سے شروع کرا کر باطنی سلوک کا ہمراز بنا دیتے تھے، 
 ماثر الکرام میں ہے کہ حضرت آلِ محمد امراض قلبی کے ازالے میں شان مسیحائی رکھتے تھے ۔

تصانیف :
آپ کی تصانیف کے متعلق حضرت شاہ سید محمد میاں قادری فرماتے ہیں کہ حضرت شاہ آل محمد قدس سرہ کی تصنیف سے فقیر نے کوئی کتاب نہ دیکھی نہ سنی صرف آپ کے دست و قلم کی تحریر فرمائی ہوئی دو دعائیں فقیر کے پاس ہیں اور حضرت شاہ حمزہ قدس سرہ کے آپ کی مولفہ ایک بیاض کا " بیاض دہلی " کے نام سے حوالہ دیا جاتا ہے ، اور اس کے اعمال وغیرہ اپنے مجموعہ اعمال میں نقل فرمائے ہیں جو حضرت والد ماجد علیہ الرحمۃ کے کتب خانے میں موجود ہے۔

اولاد کرام :
آپ کا عقد نکاح اپنے چچا سید شاہ عظمت اللہ صاحب کی صاحبزادی غنیمت فاطمہ سے ہوا جن کے بطن سے ۲ صاحبزادے اور ایک صاحبزادی ہوئی جن کے اسماء یہ ہیں 
(۱) حضرت سید شاہ حمزہ قدس سرہ 
(۲) حضرت سید شاہ حقانی
(۳) ایک صاحبزادی جن کا نکاح آپ کے ہمشیرہ زادہ حافظ سید محمد رضا بین سید امان اللہ بن قبیلہ بہتہ سے ہوا ۔

خلفاء کرام :
آپ کے خلفاء کی فہرست بہت طویل ہے ، جس میں سے چند خلفاء کے اسماء یہاں ذکر کیے جاتے ہیں ۔
 (۱) حضرت قطب الکاملین سید شاہ حمزہ قدس سرہ 
(۲) شاہ ظہور اللہ کشمیری 
(۳) حضرت شاہ واصل 
(۴) حضرت شاہ عبدالہادی
 (۵) حضرت شاہ رحمت اللہ
 (٦) حضرت شاہ بیرنگ مجذوب
 (۷) حضرت شاہ بو علی
 (۸) حضرت مفتی جلال الدین علیہم الرحمۃ والرضوان ۔

وصال مبارک:
آپ نے ۱٦ رمضان المبارک ۱۱٦٤ھ پیر کے روز آخری شب میں اس دار فانی سے کونچ فرمایا ۔
 إنا لله و إنا لله راجعون۔

حضرت شاہ سید حمزہ مارہروی قدس سرہ
ولادت شریف :
آپ کی ولادت مارہره مطہرہ میں ١٤ ربیع الثانی ۱۱۳۱ھ میں ہوئی ۔

اسم گرامی:
آپ کا اسم گرامی شاہ سید حمزہ عینی  قدس سرہ العزیز ہے ۔

والد ماجد:
آپ کے۔والد ماجد کا اسم مبارک الشاہ ابو البرکات آل محمد قدس سرہ ہے ۔

تعلیم و تربیت:
آپ نے والد ماجد کے خدمت میں جملہ علومِ ظاہری اور باطنی کی تکمیل فرمائی ، اور والدِ ماجد سے ہی مقامات و سلوک ، بیعت و خلافت حاصل کی ، والد گرامی کے علاوہ حضرت شمس العلماء مولانا باقر علیہ الرحمۃ سے علوم ظاہری حاصل فرمائے، اور فن طب حکیم عطاء اللہ سے حاصل فرمایا ، اور شیخ ڈهڈها لاہوری سے بھی متعدد درسیات کو حاصل کیا۔

فضائل :
اسد العارفین ، قطب الکاملین ، الشاہ حمزہ قدس سرہ آپ سلسلۂ قادریہ رضویہ کے پینتیسویں امام اور شیخ طریقت ہیں، آپ علم و فضل میں یکتا، مایہ ناز مصنف، اور اولیاء اکابرین میں سے تھے ، آپ صاحب کرامت و تصرف تھے ، آپ نے بڑے بڑے مجاہدات کی منزلوں کو قلیل مدت میں طے فرمایا ، آپ نہایت ہی زہین تھے ۱۱ سال کی عمر شریف میں آپ نے جملہ علومِ و فنون کو سیکھ لیا تھا ، اور ۱۱ سال کی مدت تک اپنے جد امجد حضرت شاہ سید برکت اللہ مارہروی قدس سرہ کی تربیت میں رہ کر فیوض و برکات حاصل کئے ، حضرت نے ۱۰ سال کی عمر شریف میں نماز تہجد شروع فرمائی تو وصال شریف تک کبھی قضاء نہ ہوئی ۔

مسند خلافت : 
آپ کے سر مبارک پر ۳٤ سال کی عمر شریف میں تاج خلافت رکھا گیا، اور والد مکرم کے عرس چہلم میں مشائخ کرام کے مقدس ہاتھوں سے دستار فضیلت سے سرفراز کیے گئے ۔

ذوق شاعری :
آپ کا ادبی اور شاعری ذوق بھی بہت عمدہ تھا ، آپ برجستہ اشعار ارشاد فرمایا کرتے تھے ، آپ کے اشعار اردو فارسی میں اکثر ملتے ہیں ، آپ میدان شعر و شاعری میں اپنا تخلص عینی فرماتے تھے ۔

تصنیفی و علمی خدمات :
حضرت کا گھرانہ علمی و روحانی اعتبار سے تاریخ ساز گھرانہ ہے ، آپ کو مطالعہ کا خاص ذوق تھا، اور جو کتابیں مطالعہ فرماتے اسے اوّل تا آخر پڑھتے اور جو نکات عمدہ لگتے اسکو کتاب کے حاشیہ میں نقل فرما لیتے ، آپ نے جو کتابیں تحریر فرمائی اُن کے اسماء یہاں ذکر کیے جا رہے ہیں۔
 (۱) کاشف الاستار شریف۔
 (۲) فیض الکلمات۔
(۳) مثنوی اتفاقیہ۔
(٤) قصیدہ گوہر بار اردو۔
(۵) رسالہ عقائد۔
اسکے علاوہ حضرت نے کچھ اعمال و اشغال ، اوراد و وظائف بھی تحریر فرمائے ۔

اولاد کرام :
حضرت کا عقد حضرت سید محسن بلگرامی کی صاحبزادی سے ہوا ، جن سے ٤ صاحبزادے (۱) حضرت شاہ آل احمد اچھے میاں قدس سرہ (۲) شاہ برکات ستھرے میاں (۳) شاہ آل حسین سچے میاں (٤) شاہ سید اعلیٰ قدس سرہ (۵) اور ایک صاحبزادی وافی بی بی عرف بوبو صاحبہ تھیں۔

خلفائے کرام:
آپ کے خلفاء کی تعداد بہت طویل ہے جس میں ہم چند جو یہاں پر ذکر کیے دیتے ہیں ،
 (۱) حضرت شاہ ابو الفضل اچھے میاں
 (۲) حضرت شاہ مسیح اللہ 
(۳) حضرت شاہ عین الحق
(٤) حضرت شاہ خیرات علی 
(۵) حضرت شاہ عابد 
(٦) حضرت شاہ بزرگ 
(۷) حضرت شاہ زاہد 
(۸) حضرت شاہ کرم علی 
(۹) حضرت شاہ غلام رسول 
(۱۰) حضرت شاہ مکن علیہم الرحمۃ والرضوان 

وصال مبارک:
حضرت نے ۱٤ محرم الحرام ۱۱۹۸ھ بروز جمعرات بعد نماز مغرب اس دار فانی سے کوچ فرمایا ۔ 
إنا لله و إنا لله راجعون۔

حضرت سيد شاه آل احمد اچھے میاں قدس سرہ۔
ولادت شریف: 
آپ کی ولادت با سعادت ۲۸ رمضان المبارک ۱١٦٠ھ میں ہوئی ۔

اسم و لقب شریف:
آپ کا اسم گرامی سید آل احمد اور لقب اچھے میاں( قدس سرہ) ہے۔

والد ماجد:
آپ حضرت سید شاہ حمزہ عینی قدس سرہ کے صاحبزادے ہیں ۔

تعلیم و تربیت:
آپ نے علوم ظاہری و باطنی اور منازل سلوک کی تکمیل اپنے والد ماجد کے زیرِ سایہ فرمائی، اور آپ کے روحانی معلم حضرت سیدنا عبدالقادر جیلانی رضی اللہ عنہ تھے ، اس کے علاوہ آپ نے فن طب باقاعدہ کلیم نصراللہ صاحب مارہروی سے حاصل کیا تھا ۔

فضائل :
قدوۃ الکاملین شمس الدین ابو الفضل حضرت سید شاہ آل احمد اچھے میاں قدس سرہ ، آپ سلسلہ عالیہ قادریہ کے چھتیسویں امام و شیخ طریقت تھے۔ آپ بڑے باکمال اور عارف باللہ تھے ، کرامات اور تصرفات میں اپنا ثانی نہیں رکھتے تھے ، مجاہدات اور سلوک میں ایک خاص شان کے حامل تھے ، حضرت عبادت و ریاضت میں بہت بلند رتبہ کے حامل تھے ، آپ ہمیشہ اذکار و مراقبات میں مصروف رہتے ، یہاں تک کہ فرائض پنجگانہ کے علاوہ حبس کبیر ، صلاۃ منکوس ، صوم و نوافل ، اور مجاہدات قویہ کا الزام رکھتے تھے ۔

تصانیف و علمی خدمات:
آپ نے متعدد علوم و فنون میں کتابیں تصنیف فرمائیں، آپ کی تصنیف میں سب سے بڑی ضخیم کتاب آئین احمدی ہے، اس کی تقریباً ۳٤ جلدیں اور ایک روایت کے مطابق ٦٠ جلدیں مختلف علوم و فنون میں تھیں ، آپ نے علوم متداولہ میں سے کوئی علم و فن ایسا نہیں چھوڑا تھا جو اس میں نہ ہو۔
(۲) بیاض عمل و معمول دوازدہ ماہی۔ 
(۳) آداب السالکین ۔
(٤) مثنوی اشعار تصوف میں ۔
(٥) دیوان اشعار فارسی وغیرہ ۔

کشف و کرامت :
حضرت کے کشف و کرامات بہت زیادہ ہیں ، جن کو یہاں تحریر کرنا دشوار ہے ، یہاں ۲-۱ کرامات کو بطور تبرک پیش کیا جا رہا ہے ،

(۱) حضرت کی بارگاہ میں ایک برص زدہ سپاہی حاضر ہوا، اور دور ہی کھڑا رہا ، حضرت نے فرمایا : بھائی آگے آؤ ؟ وہ عرض کرنے لگا حضور! میں اس قابل نہیں ہوں، حضرت نے فرمایا آگے آؤ ،تو وہ شخص آگے آیا ، تو جس جگہ سفید داغ تھا حضرت نے اپنے دست مبارک کو رکھا اور ارشاد فرمایا: یہاں تو کچھ بھی نہیں ہے ؟ بعدہ سپاہی نے دیکھا تو سفید داغ بلکل غائب تھا۔

(۲) حضرت کی تحویل میں ایک چھوٹا سا خزانہ تھا جسے غوثیہ کے نام سے یاد کیا جاتا ہے ، اس کی وسعت کی کوئی انتہا نہ تھی، ہزارہا روپے انعام و عطیات اس خزانے سے ہوتے, سیکڑوں خدام تھے جن کی کفالت خود حضرت فرماتے تھے،
 اور اسی خزانے سے آستانہ کے حاضرین کی جملہ آسائش کا سامان مہیا فرماتے ، باوجود ان اخراجات کے عطیہ غوثیہ میں کبھی کوئی کمی نہ ہوتی جو حضرت کی عظیم کرامتوں کے سے ایک کرامت ہے ۔

اولاد کرام: 
حضرت کا عقد شریف سید غلام علی بلگرامی کی صاحبزادی فضل فاطمہ سے ہوا ، جن سے ایک صاحبزادی اور ایک صاحبزادے کی پیدائش ہوئی ، اور دونوں بچپن ہی میں وصال فرما گئے۔

خلفائے کرام :
حضرت اچھے میاں قدس سرہ کے خلفاء کثیر تعداد میں تھے جن کی تعداد تقریباً ۷۰ کے قریب ہے ، جن میں سے بعض کو یہاں ذکر کیا جا رہا ہے ، 
(۱) حضرت سید شاہ آل رسول مارہروی قدس سرہ 
(۲) حضرت مولانا عبدالمجید بدایونی 
(۳) حضرت مولوی ریاض الدین سہسوانی 
(٤) حضرت غلام جیلانی بدایونی (۵) حضرت مولانا فخر الدین عثمانی بدایونی 
(٦) حضرت سید شاہ میرن بریلوی (۷) حضرت میاں شاہ عالم 
(۸) حضرت شاہ حسین مغل 
(۹) حضرت مولانا نور محمد 
(۱۰) حضرت شاہ نجف علی شاہ 

وصال مبارک: 
آپ ۱۷ ربیع الاول ۱۲۳۹ھ بروز جمعرات بوقت چاشت ۷۵ سال کی عمر شریف میں دار فنا سے دار بقا کی طرف كونچ فرما گئے ۔
 إنا لله و إنا إليه راجعون۔

WhatsApp Facebook