AL AZHARI WELFARE TRUST
Al Azhari Welfare Trust

اسلامی مضامین و مقالات

عقائد، فقہ، سیرتِ طیبہ اور دورِ حاضر کے فکری مسائل پر جید علمائے کرام اور محققین کی مستند علمی نگارشات

7 0

مارہرہ مطہرہ کے اقطاب سبعہ کا مختصر تعارف۔

مارہرہ مطہرہ کے اقطاب سبعہ کا مختصر تعارف۔

(پہلی قسط ۔1)


مبسملا و حامدا ومصليا ومسلما۔
اللہ تعالٰی نے اپنے پیارے حبیب حضور سرور دو عالم ﷺ کو تبلیغ دین سے متعلق خصوصاً تین فرائض کی انجام دہی و تکمیل کے لئے مبعوث فرمایا اور آپ ﷺ نے اسے احسن طریقے سے نبھایا۔

۱۔ مخلوق خدا کے سامنے آیات قرآنیہ کی تلاوت۔
۲۔ انسان کے نفوس کی پاکیزگی۔
۳۔ انسان کو کتاب و حکمت کی تعلیم سے آراستہ و پیراستہ کرنا۔

 یہ وہ امور ہیں جن کے محور پر تبلیغ دین کا پورا نظام گردش کر رہا ہے  ۔

حضور ﷺ کے اس دنیا سے کونچ فرمانے کے بعد صحابۂ کرام نے پھر ان کے بعد تابعین و تبع تابعین نے آپ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ان تین امور کی انجام دہی میں ذرہ برابر بھی تساہلی نہیں برتی ، ان حضرات کے بعد جب زمانہ میں طرح طرح کے نئے فتنوں کا ظہور ہوا تو صوفیائے کرام نے اس محاذ کو سنبھالا ، صوفیائے کرام نے  لوگوں کو آپس میں محبت اور باہم دوستی کا سبق دیکر تصوّف کا سلسلہ دراز کیا، اور مخلوق خدا کو نیکی کی طرف بلایا ۔

ہندوستان میں مختلف سلاسل کے بزرگ ہوئے جیسے سلسلۂ قادریہ، چشتیہ، نقشبندیہ، سہروردیہ، برکاتیہ، وغیرہ ان تمام سلاسل کے بزرگوں کا واحد مقصد تھا کہ بندے کو خالق تک  پہنچایا جائے ، اگرچہ ان تمام سلاسل میں راستے الگ الگ ہیں مگر مقصود صرف ذات باری تعالیٰ ہے ۔
ذیل میں ہم سلسلۂ برکاتیہ کے بزرگوں میں سے مارہرہ مطہرہ کے اقطاب سبعہ کا مختصر تعارف پیش کر رہے ہیں۔

حضرت سید شاہ برکت اللہ مارہروی قدس سرہ۔
ولادت شریف :
آپ کی ولادت باسعادت ٢٦ جمادی الآخر ١٠۷۰ھ‍ کو بلگرام میں ہوئی۔

اسم شریف :
آپ کا نام نامی سید شاہ برکت اللہ رضی اللہ عنہ ہے۔

لقب شریف: 
آپ کے القاب سلطان العاشقین و صاحب البرکات ہیں ۔

والد ماجد:
آپ کے والد ماجد کا نام حضرت شیّد شاہ اویس رضی اللہ عنہ ہے جو اپنے وقت کے بڑے زبردست اور باکمال بزرگ تھے ۔

نسبت نامہ:
آپ کا نسب نامہ شریف ۳۵ واسطوں سے حضور سید الشہداء سیدنا امام حسین رضی اللہ عنہ سے ملتا ہوا حضور سرکار دوعالم ﷺ کی ذات اقدس تک منتہی ہوتا ہے ۔

تعلیم و تربیت:
آپ کی نگاہ ایسے ماحول میں کھلی جہاں علم و ادب ، حکمت و فلسفہ سے پورا ماحول مزیّن و تباں تھا، اس لئے آپ نے ابتدا میں کہیں دور دراز کا سفر نہیں فرمایا تھا بلکہ اپنے والد ماجد ہی کی خدمت بابرکت میں تفسیر، حدیث، اصول حدیث، فقہ، اصول فقہ، کا درس حاصل کیا اور بڑی قلیل مدت میں ان تمام علوم دینیہ میں مہارت تامہ حاصل فرمائی ، اس کے بعد علوم باطن و سلوک بھی اپنے والد معظم حضرت سید شاہ اویس قدس سرہ سے حاصل فرمائے، والدِ ماجد نے جملہ سلاسل کی اجازت و خلافت مرحمت فرما کر سلاسل خمسہ قادریہ ، چشتیہ، نقشبندیہ، سہروردیہ، مداریہ، میں بیعت لینے کی بھی اجازت مرحمت فرمائی ان کے علاوہ سید العارفین عربی بن سید عبدالنبی بین سید طیب و غلام مصطفیٰ بن سید فیروز علیہم الرحمہ سے بھی کسب فیض فرمایا ۔

اس کے بعد جب آپ نے سیدنا شاہ فضل اللہ کالپوی رضی اللہ عنہ کے علم و حکمت و سلوک و معرفت کا شہرہ سنا تو آپ کالپی شریف تشریف لے گئے، جب آپ كالپی شریف پہنچے تو جیسے ہی نورالعارفین حضرت سید شاہ فضل اللہ قدس سرہ کی نگاہ آپ پر پڑی تو آپنے آگے بڑھ کر سینے سے لگا لیا اور ارشاد فرمایا :
دریا بدریا پیوست....دریا بدریا پیوست...... دریا بدریا پیوست 
اسی جملے کو آپ نے تین مرتبہ ارشاد فرمایا اور صرف اسی کلمے ہی سے حضرت سید شاہ فضل اللہ قدس سرہ نے سید شاہ برکت اللہ مارہروی قدس سرہ کو سلوک و تصوف کی سیر کرادی، یہاں تک کہ حضرت نے آپ کو سلاسل خمسہ کی اجازت اور خلافت مع سند عطا فرما کر نہایت مہربانی سے فرمایا : اسی جگہ تمہاری ذات با برکت مقیم رہے، اور وہاں کے لوگ آپ سے اکتساب فیض کرتے رہیں، اور وہاں کے طالبوں کو یہاں آنے کی اجازت نہیں ۔

حضرت شاہ برکت اللہ قدس سرہ تمام مقامات فقر کی طے فرمانے کے بعد ۱۱۱۱ھ سے ۱۱۱۷ھ کے درمیان مارہرہ تشریف لائے ، ایک دن آپ اپنی ماتھے کی نگاہوں سے حضور اقدس ﷺ و حضور سیدنا عبدالقادر جیلانی رضی اللہ عنہ کی زیارت سے مشرف ہوئے اور آپ کو اس جگہ کی بشارت دی جہاں فی الوقت درگاہ برکاتیہ موجود ہے ، اور ارشاد فرمایا: تم اس جگہ سکونت اختیار کرو جس جگہ حضور اقدس ﷺ نے بشارت و نشاندہی کی تھی ، حضرت اسی جگہ پر مکان بنا کر رہنے لگے ، پھر حضرت اپنے تمام اہل و عیال کو بھی وہی پر بلوا لیا ، حضرت کے قیام سے اس جگہ کے لوگ بھی خوشحال ہو گئے ، اور دھیرے دھیرے خانقاہ کے پاس رفتہ رفتہ لوگوں کی اچھی خاصی آبادی ہو گئی، اور اس کا نام آپ کے تخلص کی بنا پر پیم نگر ، برکات نگری رکھا گیا ۔

حضرت شاہ برکت اللہ مارہروی قدس سرہ کو حضور سیدنا شیخ عبدالقادر جیلانی رضی اللہ عنہ سے بڑی قربت و عقیدت حاصل تھی ، آپ کو سلاسل خمسہ کی اجازت حاصل تھی مگر آپ لوگوں کو سلسلہ قادریہ میں بیعت فرماتے تھے، چنانچہ بارگاہ غوثیت سے آپ کو اور آپ کے مریدین کو ایک عظیم بشارت حاصل تھی ۔

حضرت سیدنا عبدالقادر جیلانی رضی اللہ عنہ نے ارشاد فرمایا: "میں تمہارے خاندان کے مریدین متوسلین کی شفاعت کا ذمہ دار ہوں، میں جنت میں جب تک قدم نہیں رکھوں گا ، جب تک تمہارے خاندان کے مریدین و متوسلین کو جنت میں داخل نہ کرالوں"۔
حضرت صاحب البرکات قدس سرہ کو بارگاہ غوثیت سے حضرت بو علی شاہ قلندر رضی اللہ عنہ کے ذریعے ۷ منکے اور اور دستار عطا ہوئی ، حضرت صاحب البرکات قدس سرہ کی جانب سے ایک درویش کو حضرت صابر پاک کلیری رضی اللہ عنہ کے عرس مبارک میں حاضری کے لیے بھیجا گیا ، راستے میں ایک شخص ملے جو ایک کھیت کی دیکھ بھال کر رہے تھے ، انہوں نے یہ ۷ منکے اور دستار دے کر فرمایا :

 یہی پیام یہی رسالہ

 کہیو برکات مارہرہ والا 

اس درویش نے حضرت کو یہ سب کچھ پیش کرنے کے بعد آپ سے عرض کیا : حضور یہ کون صاحب تھے ؟ آپ نے فرمایا : یہ حضرت بو علی شاہ قلندر رحمۃ اللہ علیہ تھے ، اور یہ عطیہ غوثیہ ہے جو وہ دے کر گئے ہیں ۔
 
ذوق شاعری:
آپ فن علم و ادب و شاعری میں اپنا نظیر و مثیل نہیں رکھتے تھے ، عربی ، فارسی ، اردو زبان کے علاوہ ہندی سنسکرت پر آپ کو مہارت تامہ حاصل تھی ، آپ اس ادبی 
میدان میں تخلص فارسی اور عربی میں عشقی اور ہندی میں پیمی فرماتے تھے ۔

علمی و تصنیفی خدمات:
حضرت صاحب البرکات قدس سرہ عبادت و ریاضت کے علاوہ میدان علم و فن فکر و سخن میں ایک عبقری شخصیت کے مالک تھے ، آپ کے علم کا اندازہ آپ کی تصانیف کثیرہ کے بعد پڑھنے کے بعد ہی ہو سکتا ہے، 
ذیل میں حضرت کی کچھ تصانیف کا ذکر کیا جا رہا ہے جو اہل تحقیق کے لیے بہترین سرمایہ ہے۔
(۱) رسالہ چہار انواع ، (۲) رسالہ سوال و جواب (۳) عوارف ہندی (٤) دیوان عشقی (۵) پیم پرکاش (٦) مثنوی ریاض العاشقین (۷) وصیّت نامہ (۹) تفسیر سورۂ فاتحہ (۱۰) رسالہ تکسیر (۱۱) رسالہ عقائد صوفیہ (۱۲)رسالہ واردات توحید وغیرہ 
 اعمال و اشغال پر بھی متعدد رسائل موجود ہیں۔ 

کشف و کرامات:
حضور صاحب البرکات قدس سرہ کی سب سے بڑی کرامت استقامت و تصلب فی الدين اور صاحب شریعت زندگی ہے ، باوجود اس کے آپ سے بےشمار کرامتوں کا بھی ظہور ہوا ہے ، اہل دل حضرات اس بات سے خوب واقف ہیں کہ منازل طے کرنے میں کتنی مدت اور کتنی مشکل لگتی ہے، مگر حضرت صاحب البرکات کی یہ مشہور کرامت ہے کہ آپ طالب کو تین دن میں سلوک کی منزلیں طے کرا دیا کرتے تھے، اور بعض دفعہ تو حضرت نے طالبوں کو دوگھڑی میں سالک بنا دیا ۔

حضرت سید شاہ حمزہ قدس سرہ العزیز نے کاشف الاستار شریف میں حضور صاحب البرکات کی چند کرامت لکھنے کے بعد فرمایا: اگر دادا صاحب البرکات کی کرامات و تصرفات پر کچھ لکھا جائے تو ایک دفتر نا کافی ہوگا ۔

اولاد کرام:
آپ کی کل پانچ اولادیں ہوئیں ، جن میں دو صاحبزادے(۱) برہان الواصلین حضرت شاہ آل محمد (۲) اسد العارفین حضرت شاہ نجات اللہ قدس سرہ۔
 اور تین صاحبزادیاں (۳) حضرت بی بی بدھن ، آپ کا عقد سید شاہ لطف اللہ کے صاحب زادے سید نور الحق سے ہوا (۴) حضرت ننھی بی ، آپ کا عقد سید عزیز اللہ بن سید غلام محمد بن سید حامد بن سید عبدالواحد خورد سے ہوا (۵) اور تیسری صاحبزادی کا عقد سید امان اللہ بن سید جان محمد بہتہ سے ہوا ،

خلفائے کرام :
حضرت کے خلفاء کا شہرہ بھی چاروں طرف پھیلا اور آپ کے فیض سے مشرف ہو کر مثالی کارنامے انجام دیے جن کی فہرست درج ذیل ہے:

(۱) حضرت شاہ عبداللہ
(۲) حضرت شاہ میم
(۳) حضرت شاہ مشتاق البرکات
(۴) حضرت شاہ من اللہ 
(۵) حضرت شاہ راجو 
(٦) حضرت شاہ ہدایت اللہ 
(۷) حضرت شاہ روح اللہ 
(۸) حضرت شاہ عاجزہ 
(۹) حضرت شاہ نظر
(۱۰) حضرت شاہ صابر 
(۱۱) حضرت شاہ جمعیت
(۱۲) حضرت شاہ حسین بیراگی
(۱۳) حضرت شاہ صادق
(۱۴) حضرت شاہ سید آلِ محمد قدس سرہ 

وصال مبارک :
آپ نے ۱۰ محرم الحرام ۱۱٤٦ھ ۱۷۲۹ء کو بوقت صبح ۷۱ برس چند ماہ میں داعی اجل کو لبیک کہا: 
إنا لله و إنا إليه راجعون.
WhatsApp Facebook