AL AZHARI WELFARE TRUST
Al Azhari Welfare Trust

اسلامی مضامین و مقالات

عقائد، فقہ، سیرتِ طیبہ اور دورِ حاضر کے فکری مسائل پر جید علمائے کرام اور محققین کی مستند علمی نگارشات

4 0

نزولِ سیدنا عیسیٰ علیہ السلام ( دلائل و عقائد)

نزولِ سیدنا عیسیٰ علیہ السلام ( دلائل و عقائد)

(دوسری قسط ۔2)

3  ۔نزول سیدنا عیسی علیہ السلام کی اعتقادی حیثیت۔
جب قرآنِ کریم اور سنتِ نبوی ﷺ کی نصوص اس بات پر دلالت کرتی ہیں کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو اللہ تعالیٰ نے آسمان کی طرف اٹھا لیا، وہ اپنے جسم اور روح کے ساتھ زندہ ہیں، اور آخری زمانے میں دوبارہ زمین پر نازل ہوں گے، نیز اس مسئلے پر امت کا اجماع بھی منعقد ہو چکا ہے، تو ہر مسلمان پر لازم ہے کہ ان نصوص پر ایمان رکھے اور اپنے دل میں اس عقیدے کو راسخ کرے، کیونکہ یہ ایمان بالغیب کے مسائل میں سے ہے۔ اگر ایسا نہ ہو تو ان نصوص کے ذکر کا کوئی فائدہ باقی نہ رہتا۔ اسی لیے اہلِ علم نے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے نزول اور ان کے ہاتھوں دجال کے قتل کو اہلِ سنت والجماعت کے عقائد میں شمار کیا ہے۔
حضرت امام اعظم ابوحنیفہ رضی اللہ عنہ نے اپنی کتاب الفقہ الأكبر میں قیامت کی بعض نشانیوں کا ذکر کرنے کے بعد فرمایا:
 وسائر علامات يوم القيامة على ما وردت به الأخبار الصحيحة حق كائن۔ 
ترجمہ: اور قیامت کی باقی تمام نشانیاں، جن کے بارے میں صحیح احادیث وارد ہوئی ہیں، سب برحق ہیں اور ضرور واقع ہوں گی۔

اسی طرح حضرت امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ نے فرمایا:
 أصول السنة عندنا: التمسك بما كان عليه أصحاب رسول الله، والاقتداء بهم وترك البدع، وكل بدعة فهي ضلالة و قال: والإيمان أن المسيح الدجال خارج مكتوب بين عينيه (كافر) والأحاديث التي جاءت فيه والإيمان بأن ذلك كائن، وأن عيسى ابن مريم علیھما السلام ينزل فيقتله بباب لد۔ 
(اصول السنہ - احمد بن حنبل ص33 )

ترجمہ: ہمارے نزدیک سنت کے بنیادی اصول یہ ہیں کہ رسول اللہ ﷺ کے صحابہ کرام کے طریقے کو مضبوطی سے تھاما جائے، ان کی پیروی کی جائے، بدعات سے اجتناب کیا جائے، کیونکہ ہر بدعت گمراہی ہے۔

پھر اہلِ سنت کے عقائد بیان کرتے ہوئے فرمایا: اور اس بات پر ایمان رکھنا کہ مسیح دجال ضرور نکلے گا، اس کی دونوں آنکھوں کے درمیان 'کافر' لکھا ہوگا، جیسا کہ اس کے بارے میں احادیث وارد ہوئی ہیں، اور اس بات پر بھی ایمان رکھنا کہ یہ سب ضرور واقع ہوگا، اور حضرت عیسیٰ بن مریم علیہ السلام نازل ہوں گے اور لد کے دروازے پر دجال کو قتل کریں گے۔

اسی طرح امام ابو الحسن اشعری رحمہ اللہ نے اہل سنت کے عقیدہ کو بیان کرتے ہوئے فرمایا:
جملة ما عليه أهل الحديث وأهل السنة الإقرار باالله وملائكته وكتبه ورسله وما جاء من عند االله، وما رواه الثقات عن رسول الله لا يردون من ذلك شيئاً ويصدقون بخروج الدجال، وأن عيسى عليه الصلاة والسلام يقتله. وبكل ما ذكرنا من قولهم نقول، وإليه نذهب.
(مقالات الإسلاميين واختلاف المصلين -
دار إحيـاء التـراث العربـي بيروت– ط 3 - تحقيق : هلموت ريتر - ص 290 )

ترجمہ: اہلِ حدیث اور اہلِ سنت کا اجمالی عقیدہ یہ ہے کہ وہ اللہ تعالیٰ، اس کے فرشتوں، اس کی کتابوں، اس کے رسولوں، اور اللہ تعالیٰ کی طرف سے آنے والی ہر بات پر ایمان رکھتے ہیں، نیز رسول اللہ ﷺ سے ثقہ راویوں کے ذریعے مروی احادیث کو قبول کرتے ہیں اور ان میں سے کسی چیز کا انکار نہیں کرتے، اور وہ دجال کے خروج پر ایمان رکھتے ہیں، اور اس بات کی بھی تصدیق کرتے ہیں کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام دجال کو قتل کریں گے۔

اور آخر میں فرماتے ہیں:
اور جن تمام عقائد کا ہم نے ذکر کیا ہے، ہم بھی انہی کے قائل ہیں اور انہی کو اپنا مذہب و مسلک مانتے ہیں۔
4۔ حضرت عیسی علیہ السلام کے نزول کا مقام، وقت، اوصاف اور کیفیت۔
1_ مقام:  حضرت عیسیٰ علیہ السلام ملک شام (موجودہ syria) کے شہر دمشق کے مشرق میں واقع سفید مینار کے پاس نازل ہوں گے، اس وقت وہ مسلمانوں اور امام مہدی کا مرکز ہوگا۔

جیسا کہ سول اللہ ﷺ نے فرمایا:
ينزل عيسى بن مريم عند المنارة البيضاء شرقي دمشق.
ترجمہ : حضرت عیسیٰ بن مریم علیہما السلام دمشق کے مشرق میں واقع سفید مینار کے پاس نازل ہوں گے۔

2 ۔وقت:  حضرت عیسیٰ علیہ السلام اس وقت نازل ہوں گے جب مسلمان نماز ادا کرنے کے لیے صفیں باندھ چکے ہوں گے۔ یہ واقعہ امام مہدی کے ظہور، دجال کے خروج، اور اس کے زمین میں چالیس دن تک رہنے کے بعد پیش آئے گا۔ دجال چالیس دن زمین میں رہے گا، پہلا دن ایک سال کے برابر ہوگا، درسرا ایک مہینے کے برابر، تیسرا ایک ہفتے کے برابر، اور باقی دن عام دنوں کی طرح ہوں گے۔

حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے نزول کے وقت نماز کی اقامت ہو چکی ہوگی اور حضرت امام مہدی مسلمانوں کی امامت کے لیے آگے بڑھ چکے ہوں گے، حضرت عیسیٰ علیہ السلام انہی کے پیچھے نماز ادا کریں گے۔

3_ اوصاف : جہاں تک حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے اوصاف کا تعلق ہے، تو رسول اللہ ﷺ نے ان کی شکل و صورت اور نزول کی کیفیت کو ان الفاظ میں بیان فرمایا:
میرے اور عیسیٰ کے درمیان کوئی نبی نہیں ہے، اور بے شک وہ ضرور نازل ہوں گے۔ جب تم انہیں دیکھو تو پہچان لینا۔ وہ درمیانے قد کے آدمی ہوں گے، جن کا رنگ سرخی مائل سفید ہوگا۔ وہ دو ہلکے زرد رنگ کے کپڑے پہنے ہوئے نازل ہوں گے، اور ایسا محسوس ہوگا جیسے ان کے سر سے پانی ٹپک رہا ہو، حالانکہ اس پر پانی نہ پڑا ہوگا۔

4_ کیفیت:
دجال کے خروج اور زمین میں اس کے بڑے فساد کے بعد اللہ تعالیٰ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو زمین پر نازل فرمائے گا، ان کا نزول اس حق پر قائم اور غالب جماعت کے درمیان ہوگا جو دجال سے قتال کے لیے جمع ہوگی۔ اس وقت نماز کی اقامت ہو چکی ہوگی، اور حضرت عیسیٰ علیہ السلام اسی جماعت کے امیر کے پیچھے نماز ادا کریں گے۔

نماز کے بعد حضرت عیسیٰ علیہ السلام کا پہلا عظیم کام دجال کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ وہ قدس کی طرف روانہ ہوں گے، جہاں دجال موجود ہوگا۔ حضرت عیسیٰ علیہ السلام دروازہ کھولنے کا حکم دیں گے، اور جب دجال انہیں دیکھے گا تو ایسے پگھلنے لگے گا جیسے نمک پانی میں گھل جاتا ہے۔ اگر حضرت عیسیٰ علیہ السلام اسے چھوڑ بھی دیتے تو وہ خود ہی گھل کر ہلاک ہو جاتا، لیکن اللہ تعالیٰ اسے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے ہاتھوں قتل کروائے گا، اور وہ لوگوں کو اپنی نیزہ پر اس کا خون دکھائیں گے، دجال کو اپنے ہاتھ سے قتل کرنے کی حکمت
تاکہ اس کی خدائی کے جھوٹے دعوے اور اس کے فتنے کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ ہو جائے۔ جب لوگ اپنی آنکھوں سے اس کی موت دیکھیں گے تو انہیں یقین ہو جائے گا کہ وہ ایک بے بس اور مغلوب انسان تھا، نہ کہ کوئی خدا، اور اس کے تمام دعوے سراسر جھوٹ اور فریب تھے۔
5 دیگر انبیاء علیہم السلام کے بجائے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے نزول کی حکمت۔
1۔  یہود کے باطل دعوے کا رد۔
یہودیوں نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو قتل کر دیا تھا۔ اللہ تعالیٰ ان کے اس جھوٹ کو باطل ثابت کرنے کے لیے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو دوبارہ نازل فرمائے گا، اور وہ دجال کو قتل کریں گے۔

حضرت امام ابن حجر عسقلانی نے فتح الباری میں لکھا:
حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے نزول کی حکمت یہ ہے کہ یہودیوں کے اس دعوے کی تردید ہو جائے کہ انہوں نے انہیں قتل کر دیا تھا۔ اللہ تعالیٰ ان کے جھوٹ کو ظاہر کرے گا اور حضرت عیسیٰ علیہ السلام ہی ان کافروں کو قتل کریں گے۔

حافظ ابن حجر رحمہ اللہ نے اسی حکمت کو دیگر اقوال پر ترجیح دی ہے۔

2۔ نصاریٰ کے باطل عقائد کی تردید۔
حضرت عیسیٰ علیہ السلام کا نزول عیسائیوں کے ان باطل عقائد کو رد کرنے کے لیے بھی ہوگا جو انہوں نے ان کی ذات کے بارے میں گھڑ لیے ہیں۔ وہ صلیب کو توڑیں گے، خنزیر کو قتل کریں گے، اور ان کے باطل مذہبی شعائر کا خاتمہ کریں گے۔

3۔ دجال کے فتنے کا خاتمہ۔
حضرت عیسیٰ علیہ السلام کا نزول دجال کے خروج کے وقت ہوگا تاکہ وہ اسے قتل کریں اور لوگوں کو اس کے عظیم فتنے سے نجات دلائیں۔

4۔ دینِ اسلام کی سربلندی۔
چونکہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام نے اپنی نبوت کے زمانے میں رسول اللہ ﷺ کی آمد کی بشارت دی تھی، اس لیے وہ نزول کے بعد بھی دینِ محمدی ﷺ کی پیروی کریں گے، اسلام کے مطابق حکومت کریں گے، اور تمام باطل ادیان کا خاتمہ ہوگا۔

6_ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے نزول کے بعد پیش آنے والے اہم واقعات۔

1- دجال کا قتل:
حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے نزول کے بعد وہ دجال کو فلسطین کے شہر لُدّ میں قتل کریں گے۔

2- یاجوج و ماجوج کا خروج:
حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے زمانے میں یاجوج و ماجوج ظاہر ہوں گے۔ حضرت عیسیٰ علیہ السلام اللہ تعالیٰ سے ان کے شر سے نجات کی دعا کریں گے، تو اللہ تعالیٰ ان کی دعا قبول فرمائے گا اور یہ بڑا فتنہ بھی حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی زندگی ہی میں ختم ہو جائے گا۔

3- لوگوں کو اسلام کی دعوت:
حضرت عیسیٰ علیہ السلام لوگوں کو اسلام کی طرف بلائیں گے۔ ان کے زمانے میں بہت سے عیسائی حق کو قبول کریں گے اور صلیب کو چھوڑ دیں گے۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:
﴿وَإِن مِّنْ أَهْلِ الْكِتَابِ إِلَّا لَيُؤْمِنَنَّ بِهِ قَبْلَ مَوْتِهِ وَيَوْمَ الْقِيَامَةِ يَكُونُ عَلَيْهِمْ شَهِيدًا﴾
(النساء: 159)
ترجمہ:
اور كوئی کتابی ایسا نہیں جو اس کی موت سے پہلے اس پر ایمان نہ لائے،اور قیامت کے دن وہ ان پر گواہ ہوگا۔( كنزالايمان)

4- خنزیر کا قتل اور جزیہ کا خاتمہ:
حضرت عیسیٰ علیہ السلام خنزیر کو ختم کریں گے، یعنی عیسائیوں کے باطل عقائد و رسوم کا خاتمہ ہوگا۔ وہ جزیہ کا حکم بھی ختم کر دیں گے، یعنی اسلام کے علاوہ کوئی اور دین باقی نہیں رہے گا، اور تمام باطل مذاہب ختم ہو جائیں گے۔

5- امن اور خوشحالی کا زمانہ:
اس کے بعد جنگیں ختم ہو جائیں گی، اور دنیا میں ایسی امن اور خوشحالی آئے گی جو اس سے پہلے کبھی نہ دیکھی گئی ہوگی۔ لوگوں کے دلوں سے حسد، بغض اور دشمنی ختم ہو جائے گی۔ زہریلے جانوروں کا زہر ختم کر دیا جائے گا، یہاں تک کہ سانپ بچے کو نقصان نہیں پہنچائے گا، بچے درندوں کے ساتھ کھیلیں گے اور وہ انہیں نقصان نہیں پہنچائیں گے۔ زمین اپنے خزانے نکالے گی اور آسمان اپنی رحمتیں برسائے گا۔

6- حضرت عیسیٰ علیہ السلام کا قیام:
حضرت عیسیٰ علیہ السلام زمین میں چالیس سال رہیں گے، پھر ان کا انتقال ہوگا اور مسلمان ان کی نمازِ جنازہ پڑھیں گے۔

7- حج اور عمرہ:
حضرت عیسیٰ علیہ السلام بیت اللہ کا حج اور عمرہ کریں گے۔ نبی کریم ﷺ نے فرمایا:
"اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے! ابنِ مریم ضرور روحاء کی گھاٹی سے حج یا عمرہ یا دونوں کا احرام باندھیں گے۔

8- نکاح اور قیام:
بعض روایات میں آیا ہے کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام زمین پر شادی کریں گے اور یہاں زندگی گزاریں گے۔

9- حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی وفات:
حضرت عیسیٰ علیہ السلام کا مدینہ منورہ میں انتقال ہوگا۔ مسلمان ان کی نمازِ جنازہ پڑھیں گے، اور انہیں حجرۂ نبوی ﷺ میں دفن کر دیا جائے گا۔

بحمدِ اللہ تعالیٰ ہم نے یہاں حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے نزول سے متعلق بعض اہم معلومات کو سپردِ قرطاس کرنے کی کوشش کی ہے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں کتاب و سنت کو صحیح طور پر سمجھنے، ان پر عمل کرنے اور صحیح عقائد پر ثابت قدم رہنے کی توفیق عطا فرمائے۔
آمين بجاه حبيبي ﷺ.
WhatsApp Facebook