AL AZHARI WELFARE TRUST
Al Azhari Welfare Trust

اسلامی مضامین و مقالات

عقائد، فقہ، سیرتِ طیبہ اور دورِ حاضر کے فکری مسائل پر جید علمائے کرام اور محققین کی مستند علمی نگارشات

5 0

نزولِ سیدنا عیسیٰ علیہ السلام (دلائل و عقائد)

نزولِ سیدنا عیسیٰ علیہ السلام (دلائل و عقائد)
مبسلا و حامدا و مصليا و مسلما ۔
اللہ تبارک و تعالیٰ نے اس کائنات کو پیدا فرمایا اور اس میں بے شمار مخلوقات کو وجود بخشا، جن میں انسان کو اشرف المخلوقات کا شرف عطا فرما کر اسے اپنی بندگی اور احکام شریعت کی پیروی کا مکلف بنایا۔
دین اسلام میں جن چیزوں پر ایمان لانا ضروری ہے ان میں بعض ایسے عقائد ہیں جن کا تعلق عقل اور نقل دونوں سے ہے، جن کو علم کلام میں الہیات اور نبوات کے باب میں شامل کیا گیا ہے ، اور جبکہ بعض عقائد ایسے ہیں جن کا ادراک صرف قرآن مجید اور سنت نبویہ کے ذریعے ممکن ہے، انہیں سمعیات کے باب میں داخل کیا، سمعیات کا تعلق ان غیبی امور سے ہے جن تک عقل کی رہنمائی ممکن نہیں اُنکی معرفت کا واحد ذریعہ صرف وحی الٰہی ہے، جیسے قیامت کی علامات، دجّال کا خروج ، یاجوج و ماجوج کا ظہور، اور عیسی علیہ السلام کا نزول ، انہی سمعی امور میں شامل ہیں ، جن پر ایمان لانا ہر مسلمان پر ضروری ہے۔
انہی سمعی امور میں حضرت عیسی علیہ السلام کا نزول یہ ایسا عقیدہ جس پر اہل سنت والجماعت کا قدیم زمانے سے اتفاق چلا آ رہا ہے، اللہ تبارک و تعالیٰ نے قرآن مجید میں صراحتاً حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے رفع آسمانی کا ذکر فرمایا، اور مفسّرین کرام نے متعدد آیات قرآنیہ سے قرب قیامت آپ کے نزول پر استدلال فرمایا، اسی طرح احادیث مبارکہ میں صراحتاً قیامت کے قریب آپ کے نزول کا ذکر ہے،
ان شاء اللہ عزوجل پہلی قسط میں 1،2 پر تفصیلی گفتگو ہوگی ، اور دوسری قسط میں 3،4،5،6نمبر کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔
1۔ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کا نزول قرآن وحدیث کی روشنی میں۔
2۔ حضرت عیسی علیہ السلام کے نزول سے متعلق منکرین کے شبہات اور ان کا علمی جائزہ۔
3۔ حضرت عیسی علیہ السلام کے نزول کی اعتقادی حیثیت۔
4۔ حضرت عیسی علیہ السلام کے نزول کا وقت، مقام، اوصاف اور کیفیت۔
5۔ دیگر انبیاء علیہم السلام کے بجائے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے نزول کی حکمت۔
6۔ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے نزول کے بعد پیش آنے والے اہم واقعات۔

1۔ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کا نزول قرآن وحدیث کی روشنی میں۔
حضرت عیسیٰ علیہ السلام کا قیامت کے قریب آسمان سے اترنا قرآن و سنّت سے ثابت ہے، اور امت مسلمہ کا اس بات پر اجماع ہے، کہ حضرت عیسی علیہ السلام کا نزول قیامت کی نشانیوں میں سے ایک بڑی نشانی ہے، جس پر ہر مسلمان کو ایمان لانا ضروری ہے، کیوں کہ ہر مسلمان یہ پختہ عقیدہ رکھتا ہے، کہ حضرت عیسی علیہ السلام نہ قتل کیے گئے اور نہ ان کو سولی پر چڑھایا گیا، اللہ تبارک و تعالیٰ نے انہیں زندہ آسمان پر اٹھا لیا اور قرب قیامت آپ نزول فرمائیں گے، مسیح دجّال کو قتل کریں گے، صلیب توڑیں گے، خنزیر کو قتل کریں گے، اور جزیہ ختم کریں گے، کافروں سے اسلام کے سوا کچھ قبول نہیں کیا جائے گا، مال کی فراوانی ہوگی، اور خیر و برکت کا نزول ہوگا۔
اولا: قرآن سے نزول سیدنا عیسی علیہ السلام پر دلائل۔
قرآن مجيد میں اللہ عزوجل نے ارشاد فرمایا :
﴿ وَإِن مِّنْ أَهْلِ الْكِتَابِ إِلَّا لَيُؤْمِنَنَّ بِهِ قَبْلَ مَوْتِهِ ۖ وَيَوْمَ الْقِيَامَةِ يَكُونُ عَلَيْهِمْ شَهِيدًا﴾
 (النساء:159)
یہ آیت مبارکہ اس بات پر دلالت کرتی ہے کہ تمام اہل کتاب حضرت عیسی علیہ السلام کی وفات سے پہلے آپ پر ایمان لے آئیں گے اور یہ تسلیم کر لیں گے کہ آپ اللہ کے بندے اور اس کے رسول ہیں، اور یہ بات سب کو معلوم ہے کہ اب تک ایسا نہیں ہوا، جس کا مطلب یہ ہے کہ مستقبل میں ضرور واقع ہوگا، اس لیے کہ یہ آیت کریمہ یہودیوں کے اس دعوے کے رد میں نازل ہوئی جس میں قتل عیسیٰ اور ان کو سولی دینے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔
اور اس آیت کریمہ سے یہ بات صراحتاً معلوم ہوتی ہے کہ سیدنا عیسیٰ علیہ السلام آیت کریمہ کے نزول کے وقت زندہ تھے، اور آپ اس وقت تک وفات نہیں پائیں گے جب تک اہل کتاب آپ پر ایمان نہ لے آئیں۔

2 دوسری جگہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے۔
﴿ (وإِنَّهُ لَعِلْمٌ لِّلسَّاعَةِ فَلَا تَمْتَرُنَّ بِهَا وَاتَّبِعُونِ ۚ هَٰذَا صِرَاطٌ مُّسْتَقِيمٌ) ﴾
(الزخرف61)
اس آیت میں إنه کی جو ضمیر ہے وہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی طرف لوٹ رہی ہے کیوں کہ اس سے پہلے والی آیتوں میں حضرت عیسیٰ علیہ السلام کا ذکر ہے، تو اس سے معلوم ہوتا ہے کہ آپ کا تشریف لانا قیامت کی نشانیوں میں سے ہے، اس لیے کہ آپ قیامت کے واقع ہونے سے پہلے نزول فرمائیں گے جس پر دوسری قراءت دلالت کر رہی ہیں ﴿ و إِنَّهُ لَعَلَمٌ لِّلسَّاعَةِ ﴾
عین اور لام کے فتح کے ساتھ یعنی علامت اور نشانی، اور یہ روایت حضرت ابن عباس اور مجاہد اور ان دونوں کے علاوہ دیگر ائمہ تفسیر سے بھی مروی ہے۔
3 ایک اور جگہ اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے۔
﴿ ( وَيُكَلِّمُ النَّاسَ فِي الْمَهْدِ وَكَهْلًا وَمِنَ الصَّالِحِينَ) ﴾﴿ وَقُل رَّبِّ زِدْنِي عِلْمًا ﴾
(آل عمران46)

ترجمہ: اور لوگوں سے بات کرے گا پالنے میں، اور پکی عمر میں، اور خاصوں میں ہوگا۔ (کنزالایمان)
اس آیت مبارکہ میں اللہ تعالیٰ نے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی بعض خصوصیات اور انکی نبوت کے دلائل کا ذکر فرمایا، جس میں آپ کا شیرخواری کی حالت میں کلام فرمانا ان خوارق عادات میں سے ہے جو آپ کی نبوت پر دلالت کرتے ہیں ، اور اسی طرح آپ کا پکی عمر میں کلام کرنا۔
یہاں ﴿ کُھَلٌ ﴾سے مراد وہ عمر ہے جس میں بالوں میں سفیدی ظاہر ہونا شروع ہو جائے، اور یہ کیسے کہا جا سکتا ہے کہ ان کا کہولت کی عمر میں لوگوں سے بات کرنا ایک نشانی ہے، حالانکہ اس عمر میں گفتگو کرنا تو ایک معمول کی بات ہے؟ پھر خصوصاً بشارت کے مقام میں اس کا ذکر کس طرح موزوں ہو سکتا ہے؟
لہٰذا ضروری ہے کہ اس خبر سے مراد یہ ہو کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کا کہولت کی عمر میں کلام کرنا بھی اسی طرح ایک معجزہ اور نشانی ہوگا جیسے ان کا بچپن میں کلام کرنا معجزہ تھا، اور یہ حالت آپ کی گزشتہ دنیوی زندگی میں پیش نہیں آئی، کیونکہ آپ کو تینتیس 33 برس کی عمر میں آسمان کی طرف اٹھا لیا گیا تھا، اس لیے اب یہی باقی رہ جاتا ہے کہ یہ خصوصیت آئندہ زمانے میں پوری ہوگی۔
اب اس آیت کا مفہوم یہ ہوگا کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو کہولت کی عمر تک پہنچنے سے پہلے آسمان کی طرف اٹھا لیا گیا، پھر وہ دوبارہ زمین پر نازل ہوں گے اور حدیثِ شریف کے مطابق چالیس 40 سال تک زمین میں قیام کریں گے، یہاں تک کہ کہولت کی عمر کو پہنچ جائیں گے، پھر وہ لوگوں سے اس عمر میں بھی گفتگو کریں گے، جس طرح بچپن میں گفتگو کی تھی، اور اس طرح اللہ تعالیٰ کی وہ نشانی اور معجزہ بھی پورا ہوگا جس کی خبر اس نے اپنی کتاب میں دی ہے۔

ثانیا: حدیث نبوی ﷺ سے نزول حضرت عیسی علیہ السلام پر دلائل.
حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے نزول سے متعلق وارد ہونے والی احادیث کثرت کے ساتھ مروی ہیں، اور اہل علم کے نزدیک یہ مشہور ہے کہ یہ متواتر احادیث ہیں۔
محدثین اور اصولیین کے نزدیک متواتر حدیث، خواہ تواتر لفظی ہو یا معنوی، ایسی دلیل ہے جس پر اس کے راویوں کی تحقیق کیے بغیر عمل کرنا واجب ہوتا ہے،
بلکہ جمہور ائمہِ دین کا موقف یہ ہے کہ جب کوئی حدیث صحیح ہو اور امت نے اسے قبول بھی کر کیا ہو، تو وہ قطعی الثبوت کا درجہ حاصل کر لیتی ہے۔
امام ابن کثیر تفسیر ابن کثیر میں فرماتے ہیں:
رسول اللہ ﷺ سے یہ احادیث تواتر کے ساتھ مروی ہیں کہ آپ نے خبر دی ہے کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام قیامت سے پہلے نازل ہوں گے، وہ ایک عادل امام اور انصاف کرنے والے حاکم ہوں گے۔
(تفسیر ابن کثیر 167/4)

1۔ نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا: {والذي نفسي بيده ليوشكن أن ينزل فيكم ابن مريم حكما مقسطا فيكسر الصليب ، ويقتل الخنزير، ويضع الجزية ، ويفيض المال، حتى لا يقبله احد}.
(رواه البخاري - 774/2- حديث رقم 2109)
ترجمہ : قسم اس ذات کی جس کے دست قدرت میں میری جان ہے قریب ہے کہ تمہارے درمیان حضرت عیسیٰ ابن مریم علیہما السلام انصاف کرنے والے حاکم بن کر نازل ہوں گے۔ پھر وہ صلیب کو توڑ دیں گے، خنزیر کو قتل کریں گے، جزیہ ختم کر دیں گے، اور مال اس قدر فراوان ہو جائے گا کہ کوئی اسے قبول کرنے والا نہ رہے گا۔

2 دوسری جگہ نبی کریمﷺ نے ارشاد فرمایا:
«لا تزال طائفة من أمتي يقاتلون على الحق ظاهرين إلى يوم القيامة، فينزل عيسى ابن مريم فيقول أميرهم: تعال صل لنا ،فيقول :لا إن بعضكم على بعض أمراء تكرمة الله هذه الأمة».
(رواه مسلم - 137- حديث رقم 156)

2۔ ترجمہ:
میری امت کا ایک گروہ ہمیشہ حق پر لڑتا رہے گا اور قیامت تک غالب رہے گا۔ پھر حضرت عیسیٰ ابنِ مریم علیہما السلام نازل ہوں گے، اس وقت ان (مسلمانوں) کا امیر عرض کرے گا آئیے، ہمیں نماز پڑھائیے، تو حضرت عیسیٰ علیہ السلام فرمائیں گے: نہیں، تم میں سے بعض بعض پر امیر ہیں۔ یہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے اس امت کے لیے عزت و تکریم ہے۔

3. ایک اور جگہ پیارے آقا حضور علیہ الصلاۃ والسلام نے فرمایا:
   «إذ بعث الله عيسى ابن مريم فينزل عند المنارة البيضاء شرقي دمشق بين مهرودتين واضعاً كفيه على أجنحة ملكين».
   (سنن ابن ماجه -1356/2 - حديث رقم 4075)

ترجمہ: اسی دوران اللہ تعالیٰ حضرت عیسیٰ ابنِ مریم علیہما السلام کو بھیجے گا، پس وہ دمشق کے مشرقی جانب سفید مینار کے پاس دو زرد رنگ کے لباس پہنے ہوئے نازل ہوں گے، اور اپنے دونوں ہاتھ دو فرشتوں کے پروں پر رکھے ہوئے ہوں گے۔

اس موضوع پر احادیث بہت زیادہ ہیں، یہاں پر ہم نے ان میں سے صرف چند احادیث کو ذکر کیا ہے۔
یہ تمام مذکورہ احادیث صحاح اور سنن کی کتابوں میں موجود ہیں، آخر ان کا انکار کرنے والا انہیں کس طرح رد کرے گا؟ اور کس علم کی بنیاد پر رد کرے گا؟ کیا وہ بھی وہی بات کہے گا جو جہمیہ اور معتزلہ نے کہی تھی کہ
ہم انہیں اس لیے رد کرتے ہیں کہ یہ قرآن کے ظاہری مفہوم کے خلاف ہیں؟ یا ان کے پاس کوئی ایسا خاص علم ہے جس کی بنیاد پر وہ رسول اللہ ﷺ سے صحیح طور پر ثابت شدہ احادیث کو رد کر سکے؟
یقیناً رسول اللہ ﷺ سے ثابت صحیح حدیث کو محض اس دعوے کی بنیاد پر رد کر دینا کہ وہ قرآن کے ظاہری مفہوم کے خلاف ہے، خصوصاً حضرت عیسیٰ عليہ السلام کے نزول سے متعلق احادیث کو بغیر عميق نظر اور مکمل تحقیق کے رد کرنا، اس بات کی علامت ہے کہ آدمی حق سے منہ موڑ کر گمراہی کے راستے پر چل رہا ہے اور دین میں اپنی مرضی سے تغییر و تبدل کرنا چاہتا ہے۔
لہٰذا ان نصوص میں کوئی تعارض نہیں ہے، حضرت عیسیٰ علیہ السلام کا نزول نہ شریعت کے خلاف ہے اور نہ ہی عقل کے خلاف، بلکہ شریعت اس کی تائید کرتی ہے، اس پر قرآنِ کریم دلالت کرتا ہے اور رسول اکرم ﷺ کی احادیث بھی اس کی صراحت کرتی ہیں۔ اور یہ بات روزِ روشن کی طرح عیاں ہے اللہ تعالیٰ جسے ہدایت نہ دے، وہ کبھی راہ نہیں پا سکتا۔

2 سیدنا عیسی علیہ السلام کے نزول سے متعلق منکرین کے شبہات اور ان کا علمی جائزہ۔
1۔پہلا شبہ
اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے:
﴿إِذْ قَالَ اللَّهُ يَا عِيسَىٰ إِنِّي مُتَوَفِّيكَ وَرَافِعُكَ إِلَيَّ وَمُطَهِّرُكَ مِنَ الَّذِينَ كَفَرُوا﴾
(سورۃ آل عمران: 55)

ترجمہ : یاد کرو جب اللہ نے فرمایا اے عیسیٰ میں تجھے پوری عمر تک پہنچاؤں گا اور تجھے اپنی طرف اٹھالوں گا اور تجھے کافروں سے پاک کردوں گا۔ ( کنزالایمان)

منکرین کی دلیل یہ ہے کہ آیت کے الفاظ ﴿إِنِّي مُتَوَفِّيكَ﴾
میں "متوفیک" سے مراد موت دینا ہے۔ اسی بنا پر وہ کہتے ہیں کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام وفات پا چکے ہیں، لہٰذا ان کا دوبارہ دنیا میں نزول ممکن نہیں۔

1 شبہ کا رد:
لفظ "توفی" قرآنِ کریم میں تین مختلف معانی میں استعمال ہوا ہے، اور یہ تینوں استعمال خود قرآن سے ثابت ہیں:

1. توفی بمعنی موت دینا، یعنی روح قبض کر لینا۔

2. توفی بمعنی نیند، جیسا کہ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے:
   ﴿وَهُوَ الَّذِي يَتَوَفَّاكُم بِاللَّيْلِ وَيَعْلَمُ مَا جَرَحْتُم بِالنَّهَارِ﴾
   (سورۃ الانعام: 60)
   ترجمہ:
   اور وہی ہے جو رات کو تمہاری روحیں قبض کرتا ہے، اور جانتا ہے جو کچھ دن میں کماؤ۔
 ( کنزالایمان)

3. توفی بمعنی قبضے میں لے لینا یا پورا پورا وصول کرنا، بغیر کسی کمی کے، جیسا کہ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:
   ﴿ثُمَّ تُوَفَّىٰ كُلُّ نَفْسٍ مَّا كَسَبَتْ وَهُمْ لَا يُظْلَمُونَ﴾
   (سورۃ البقرہ:281)
   ترجمہ:
   اور ہر جان کو اس کی کمائی پوری بھردی جائے گی اور ان پر ظلم نہ ہوگا۔ (کنزالایمان)

اس لیے سورہ آل عمران کی آیت میں "إني متوفيك" سے موت مراد لینا ضروری نہیں، کیونکہ لفظ "توفی" قرآن میں دوسرے معانی میں بھی استعمال ہوا ہے۔ چنانچہ ہم یہاں پر ان صحابہ و تابعین اور ائمہ حضرات کا نام ذکر رہے ہیں جنہوں نے موت کے علاوہ دوسرے معنیٰ کو ترجیح دی ہے ۔

1۔ اس آیت میں حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے زندہ ہونے اور وفات نہ پانے کو جمہور مفسرین نے ترجیح دی ہے۔
جن میں امام طبری، امام قرطبی، امام ابن کثیر، امام فخر الدین رازی، امام زمخشری، امام بیضاوی، امام بغوی، امام ابن الجوزی، وغیرہ جیسے بڑے بڑے ائمہ شامل ہیں۔

2 ۔اسی طرح متعدد صحابۂ کرام اور تابعین سے بھی یہی موقف منقول ہے، جن میں حضرت عبداللہ بن عباس، حضرت حسن بن علی، حضرت حسن بصری، قتادہ، مطر الوراق، کعب الاحبار، سعید بن المسیب، رضى اللہ عنہم اجمعین وغیرہ شامل ہیں ۔

دوسرا شبہ :
اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:
﴿مَا كَانَ مُحَمَّدٌ أَبَا أَحَدٍ مِّن رِّجَالِكُمْ وَلَٰكِن رَّسُولَ اللَّهِ وَخَاتَمَ النَّبِيِّينَ﴾
(سورۃ الاحزاب: 40)
ترجمہ : محمد تمہارے مردوں میں کسی کے باپ نہیں ہاں اللہ کے رسول ہیں، اور سب نبیوں کے پچھلے۔ ( کنزالایمان)
اور نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا 
"لا نبي بعدي"
یعنی میرے بعد کوئی نبی نہیں ہوگا۔
اس آیت کریمہ اور حدیث نبوی ﷺ سے معلوم ہوتا ہے،نبی اکرم ﷺ آخری نبی ہیں اور آپ کے بعد کوئی نبی نہیں ہوگا۔

2۔دوسرے شبہ کا رد.
حضرت عیسیٰ علیہ السلام جب دوبارہ دنیا میں تشریف لائیں گے تو وہ کوئی نئی شریعت، نیا دین یا نئی رسالت لے کر نہیں آئیں گے، اور نہ ہی انجیل کو مستقل شریعت اور نظامِ زندگی کے طور پر نافذ کریں گے۔
بلکہ صحیح احادیث کے مطابق، جیسا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا ، حضرت عیسیٰ علیہ السلام ایک امام، عادل حاکم اور منصف کی حیثیت سے دینِ اسلام پر نازل ہوں گے۔ اس میں نہ کوئی اشکال ہے اور نہ ہی اس سے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے مقام و مرتبہ میں کوئی کمی آتی ہے۔

اور جیسا کہ حدیث شریف میں ہے، کہ اگر حضرت موسیٰ علیہ السلام بھی اس وقت زندہ ہوتے تو ان کے لیے بھی آپ ﷺ کی اتباع کے سوا کوئی چارہ نہ ہوتا۔
لہٰذا جب حضور رحمت دو عالم ﷺ کا حضرت موسیٰ علیہ السلام کے بارے میں یہ حکم ہے، تو پھر حضرت عیسیٰ علیہ السلام کےبارے میں کیا اشکال باقی رہ جاتا ہے؟ اس میں کوئی تعارض نہیں ہے کہ نبی کریم ﷺ خاتم النبین یعنی آخری نبی ہیں اور حضرت عیسیٰ علیہ السلام جو پہلے مبعوث ہے چکے ہیں وہ قرب قیامت دوبارہ نزول فرمائیں گے اور دین محمدی ﷺ کے پیروکار ہوں گے جس سے آپ کی نبوت میں کوئی فرق نہیں آئے گا ۔
WhatsApp Facebook